سہیل آفریدی کو لاہور میں ڈرامہ کرنا تھا تو پہلے بتا دیتے الحمرا ہال کھلوا دیتی،عظمیٰ بخاری

سہیل آفریدی کو لاہور میں ڈرامہ کرنا تھا تو پہلے بتا دیتے الحمرا ہال کھلوا دیتی،عظمیٰ بخاری

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے حالیہ واقعات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انہیں لاہور میں ڈرامہ کرنا تھا تو  پہلے بتا دیتے میں الحمرا ہال کھلوا دیتی۔

نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے سہیل آفریدی کے پولیس اہلکاروں سے مبینہ رویے،اغوا کے دعوے اور وزیرآباد میں پیش آنے والے واقعات پر گفتگو کی۔

انہوں نے کہا  کہ سہیل آفریدی نے پولیس اہلکاروں کو گالیاں دیں اور بعد میں اپنی مرضی سے پولیس وین میں بیٹھے،عظمیٰ بخاری کے مطابق اس واقعے کی ویڈیوز بھی مختلف نیوز چینلز پر نشر ہوئیں۔

اغوا کے دعوے پر سوال

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ سہیل آفریدی کی جانب سے ابتدا میں اغوا کیے جانے کا مؤقف اختیار کیا گیا، تاہم بعد میں یہ کہا گیا کہ وہ خود گاڑی میں بیٹھے تھے،عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ انہوں نے واقعے کی ویڈیو شیئر کرکے معاملے کی حقیقت سامنے رکھنے کی کوشش کی۔

یہ بھی پڑھیں :خیبرپختونخوا میں ڈاکٹرز ہڑتال پر، وزیراعلیٰ لاہور کے سیر سپاٹوں میں مصروف ہیں،عظمیٰ بخاری

سادہ لباس اہلکار کا معاملہ

انہوں نے کہا کہ سادہ لباس میں تعینات مقدس علی نامی کانسٹیبل کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جبکہ موقع پر موجود ایس ایچ او نے اسے پولیس اہلکار قرار دیا تھا،عظمیٰ بخاری کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں کی سادہ لباس میں تعیناتی معمول کا حصہ ہے، اس لیے اس معاملے کو مختلف انداز میں پیش نہیں کیا جانا چاہیے۔

وزیرآباد واقعے پر گفتگو

وزیر اطلاعات پنجاب نے وزیرآباد میں پیش آنے والے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کارکن اشتیاق کے گھر جاکر مذہب کا حوالہ دیا گیا، تاہم ان کے اہل خانہ نے پنجاب پولیس کے تعاون کی بات کی،انہوں نےسٹریٹ موومنٹ کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ویڈیوز بنوا کر خود کو مظلوم ظاہر کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

الحمرا ہال والا بیان

سہیل آفریدی کے طرزِ عمل پر تبصرہ کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر مقصد ڈرامہ کرنا تھا تو انہیں پہلے بتا دیا جاتا، الحمرا ہال کھلوا دیا جاتا،انہوں نے سہیل آفریدی پر کبھی مذہب کارڈ استعمال کرنے اور کبھی سلطان راہی کی طرح بڑھکیں مارنے کا الزام بھی عائد کیا۔

لندن دورے کے اخراجات

عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے لندن دورے سے متعلق بھی گفتگو کی، ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ نے دورے کے تمام اخراجات خود برداشت کیے،انہوں نے کہا کہ جیسے ہی متعلقہ ریکارڈ ان کے پاس آئے گا، وہ اسے شیئر کریں گی اور اخراجات کی رسید بھی فراہم کریں گی لیکن  ریکارڈ سامنے آنے کے باوجود سیاسی مخالفین کی جانب سے الزامات کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

editor

Related Articles