ڈی ایچ اے راولپنڈی انتظامیہ نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ ڈی ایچ اے راولپنڈی فیز 9، جسے ڈی ایچ اے گندھارا کے نام سے بھی منسوب کیا جارہا ہے، کی فائلوں کی کسی بھی قسم کی خرید و فروخت کی اجازت یا منظوری نہیں دی گئی۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ڈی ایچ اے راولپنڈی نے ڈی ایچ اے گندھارا میں فائلز کی خرید و فروخت سے متعلق اعلانِ لاتعلقی کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بات نوٹس میں آئی ہے کہ بعض افراد کی جانب سے ڈی ایچ اے راولپنڈی فیز 9، یعنی ڈی ایچ اے گندھارا، کی فائلز کی غیر قانونی خرید و فروخت کی جارہی ہے۔
بیان میں واضح کیا گیا کہ ڈی ایچ اے فیز 9، یعنی ڈی ایچ اے گندھارا، کی فائلز کی کسی بھی قسم کی خرید و فروخت کو ڈی جی آئی-آر کی اجازت یا منظوری حاصل نہیں ہے۔
ڈی ایچ اے انتظامیہ کے مطابق ڈی ایچ اے آئی-آر نے نہ تو ڈی ایچ اے فیز 9، یعنی ڈی ایچ اے گندھارا، لانچ کیا ہے اور نہ ہی مذکورہ فیز یا پروجیکٹ کی فائلز کی خرید و فروخت کی اجازت دی ہے۔
ڈی ایچ اے راولپنڈی انتظامیہ نے کہا کہ اس کا معمول کا طریقہ کار ہے کہ کسی بھی نئے فیز یا پروجیکٹ کے آغاز کو ملک بھر میں دستیاب تمام ذرائع ابلاغ کے ذریعے وسیع پیمانے پر مشتہر اور عام کیا جاتا ہے۔
انتظامیہ نے واضح کیا کہ ڈی ایچ اے آئی-آر اپنے آپ کو ڈی ایچ اے گندھارا یا ڈی ایچ اے آئی-آر فیز 9 کے نام سے کسی بھی فائل کی خرید و فروخت سے مکمل طور پر لاتعلق قرار دیتا ہے۔
ڈی ایچ اے آئی-آر نے مزید واضح کیا کہ ایسی فائلز کی خرید و فروخت کے حوالے سے وہ کسی قسم کی ذمہ داری قبول نہیں کرتا۔
بیان کے مطابق جو بھی شخص ایسی خرید و فروخت میں ملوث ہوگا، وہ مکمل طور پر اپنی ذمہ داری، خطرے اور خرچ پر ایسا کرے گا اور ڈی ایچ اے آئی-آر کا ایسی خرید و فروخت سے کوئی تعلق نہیں ہوگا۔
ڈی ایچ اے انتظامیہ نے کہا کہ وہ غیر قانونی خرید و فروخت میں ملوث کسی بھی یا تمام افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرنے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔