محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ چند گھنٹوں کے دوران بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی، جبکہ مری شہر اور گردونواح میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث موسم سرد ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں آئندہ چند گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان ہے، جبکہ راولپنڈی اور گلیات میں موسلادھار بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بارش اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی ہے۔ چترال، دیر، سوات اور کوہستان میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ پشاور، مردان، صوابی اور نوشہرہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوہاٹ، بنوں، کرک، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ پاراچنار، کرم، باجوڑ، مہمند اور خیبر میں بھی تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ہے، جبکہ صوبے کے بعض علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی آئندہ 1 سے 3 گھنٹوں کے دوران بارش ہوسکتی ہے۔ جنوبی پنجاب میں ڈیرہ غازی خان، بھکر، لیہ، تونسہ شریف اور جھنگ میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بالائی سندھ میں لاڑکانہ، جیکب آباد، کشمور، سکھر، دادو اور قمبر شہدادکوٹ میں بھی بارش متوقع ہے۔
دوسری جانب مری شہر اور گردونواح میں شدید گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہوئی ہے۔ برستے بادلوں نے مری کے موسم میں نمایاں تبدیلی پیدا کردی ہے جبکہ بارش کے باعث درجہ حرارت کم ہوکر 11 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
مری کے پہاڑی علاقوں میں بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش اور ژالہ باری کے باعث مری کا موسم مزید سرد ہوگیا ہے۔
مری انتظامیہ کی جانب سے سیاحتی ہل اسٹیشن کا رخ کرنے والے شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ سفر سے قبل موسم کی صورتحال ضرور معلوم کریں۔ شہریوں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
سفر کرنے والے افراد کو ریسکیو اداروں اور ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات اور انتظامیہ کی ہدایات کے مطابق تیز بارش کے دوران ڈرائیورز رفتار کم رکھیں اور گاڑیوں کے درمیان محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں۔
شہریوں اور سیاحوں کو ندی نالوں کے قریب جانے سے بھی گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ بارش کے دوران کسی ناخوشگوار واقعے سے محفوظ رہا جاسکے۔