عالمی شہرت یافتہ پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اور ان کی دیرینہ ساتھی جارجینا روڈریگز کی نجی اور سادہ شادی کی پہلی تصویر سامنے آگئی۔
رپورٹس کے مطابق رونالڈو اور جارجینا نے 11 اگست 2026 کو پرتگال کے علاقے کاسکائس میں واقع اپنی رہائش گاہ پر سول تقریب کے دوران شادی کی۔دنیا کے معروف جوڑوں میں شمار ہونے کے باوجود دونوں نے شادی کے لیے کسی بڑی یا پُرتعیش تقریب کے بجائے انتہائی نجی انداز اختیار کیا۔ تقریب میں ان کے 5بچے اور چند قریبی افراد شریک ہوئے۔
شادی کے موقع پر رونالڈو اور جارجینا نے معروف لگژری فیشن برانڈ گوچی کے ملبوسات کا انتخاب کیا۔ جارجینا نے روایتی عروسی لباس کے بجائے سفید رنگ کا نفیس سلک اسکرٹ سوٹ پہنا، جبکہ رونالڈو ہلکے خاکی رنگ کے سوٹ میں نظر آئے۔ ان کے بچوں کے ملبوسات بھی ہلکے اور ایک دوسرے سے ہم آہنگ رنگوں میں رکھے گئے۔
گوچی کا انتخاب اس جوڑے کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے کیونکہ رونالڈو اور جارجینا کی پہلی ملاقات 2016 میں میڈرڈ کے ایک گوچی اسٹور میں ہوئی تھی، جہاں جارجینا بطور سیلز اسسٹنٹ کام کرتی تھیں۔ یوں تقریباً ایک دہائی پر محیط رفاقت کے بعد دونوں نے اپنی شادی بھی اسی برانڈ سے جڑی یاد کے ساتھ ایک نجی اور سادہ انداز میں منعقد کی۔