پیاس اوپن ہاؤس اینڈ کیریئر فیئر 2026 کا کامیاب انعقاد، نوجوانوں کیلئے صنعت و تعلیمی روابط کے فروغ کی مؤثر کاوش

پیاس اوپن ہاؤس اینڈ کیریئر فیئر 2026 کا کامیاب انعقاد، نوجوانوں کیلئے صنعت و تعلیمی روابط کے فروغ کی مؤثر کاوش

اسلام آباد: پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (PAEC) کے زیرِ انتظام پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز (پیاس) میں “اوپن ہاؤس اینڈ کیریئر فیئر 2026” کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا, ایونٹ میں طلباء، اساتذہ، صنعتی اداروں، قومی و بین الاقوامی کمپنیوں اور میڈیا نمائندگان  بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک اور قومی ترانے سے ہوا  جس کے بعد ریکٹر پیاس ڈاکٹر انیلہ عثمان نے اس ایونٹ کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ “پیاس اوپن ہاؤس اینڈ کیریئر فیئر 2026 نوجوان انجینئرز اور سائنسدانوں کی صلاحیتوں، محنت اور تخلیقی سوچ کا بہترین مظہر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پیاس میں نوجوانوں کو ملک و قوم کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے جدید تعلیم، تحقیق اور ٹیکنالوجی کے ذریعے تیار کیا جاتا ہے جبکہ ایسے ایونٹس تعلیمی اداروں اور صنعت کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

ایونٹ کے دوران مختلف انجینئرنگ اور سائنسی شعبوں سے تعلق رکھنے والے اختتامی سال کے طلباء نے 120 سے زائد فائنل ایئر پروجیکٹس پیش کیے جن میں جدید ٹیکنالوجی، تحقیق، تخلیقی صلاحیتوں اور صنعتی مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دی گئی،  ان منصوبوں کو شرکاء اور صنعتی نمائندگان نے بے حد سراہا۔

اس موقع پر تقریباً 50 معروف قومی و بین الاقوامی کمپنیوں اور اداروں نے بھی شرکت کی، جہاں طلباء کو روزگار، تربیت، انٹرن شپ اور مستقبل کے عملی مواقع سے متعلق رہنمائی فراہم کی گئی۔

ایونٹ میں طلباء و طالبات اور صنعتی نمائندگان کے درمیان ملاقاتوں اور تبادلہ خیال نے تعلیمی اداروں اور صنعت کے درمیان روابط مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

شرکاء اور مہمانوں نے “پیاس اوپن ہاؤس اینڈ کیریئر فیئر 2026” کو نوجوان نسل کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے اس ایونٹ کو جدت، پیشہ ورانہ ترقی اور صنعت و تعلیمی اداروں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی کے فروغ کی کامیاب کاوش قرار دیا۔

editor

Related Articles