بھارتی پنجاب کے شہر لدھیانہ سے تعلق رکھنے والی ابھرتی ہوئی پنجابی گلوکارہ پراسرار حالات میں مردہ پائی گئی ہیں، جس کے بعد علاقے میں خوف اور صدمے کی فضا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گلوکارہ کی لاش نہر نیلون سے ملی، جس کی شناخت بعد میں اہلخانہ نے کی۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے۔
اہلخانہ کی جانب سے درج شکایت میں کہا گیا ہے کہ اندر کور 13 مئی کی رات گھر سے سامان لینے نکلی تھیں لیکن اس کے بعد واپس نہیں آئیں۔ خاندان نے الزام عائد کیا ہے کہ انہیں شادی سے انکار پر اغوا کیا گیا۔
خاندان کے مطابق ایک شخص سکھوندر سنگھ ان سے شادی کرنا چاہتا تھا، اور انکار کے بعد مبینہ طور پر اس نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر گلوکارہ کو اغوا کیا۔ اہلخانہ نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ ملزم کینیڈا سے پنجاب آیا، انہیں اسلحے کے زور پر اغوا کیا اور بعد ازاں قتل کر کے لاش نہر میں پھینک دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مفرور ملزمان کی تلاش جاری ہے جبکہ کیس کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔گلوکارہ کی اچانک موت نے نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پنجابی میوزک انڈسٹری اور مداحوں کو بھی گہرے صدمے میں ڈال دیا ہے۔