بنگلہ دیش نے ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کو وائٹ واش کردیا

بنگلہ دیش نے ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کو وائٹ واش کردیا

بنگلہ دیش نے سلہٹ میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 78 رنز سے شکست دے کر وائٹ واش کر دیا ہے۔ بنگلہ دیش کی اس فتح میں لٹن داس اور مشفق الرحیم کی بہترین بیٹنگ جبکہ تجی الاسلام کی تباہ کن بولنگ نے فیصلہ کن کردار ادا کیا۔

بنگلہ دیش کے 437 رنز کے مشکل ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 358 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ کپتان شان مسعود نے 71، سلمان آغا نے 71 جبکہ محمد رضوان نے شاندار 94 رنز بنا کر ٹیم کو میچ میں واپس لانے کی کوشش کی، مگر وہ کامیاب نہ ہو سکے۔

بنگلہ دیش کے اسپنر تجی الاسلام نے دوسری اننگز میں 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے پاکستان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ انہوں نے بابر اعظم، سلمان آغا، حسن علی، ساجد خان اور خرم شہزاد سمیت اہم بلے بازوں کو پویلین واپس بھیجا۔ نوجوان فاسٹ بولر نہید رانا نے بھی 2 اہم وکٹیں حاصل کیں جبکہ شرف الاسلام نے محمد رضوان کی قیمتی وکٹ لے کر میچ مکمل طور پر بنگلہ دیش کے حق میں کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں:883 رنز کا ہدف، 143 گیندوں پر ٹرپل سنچری ، 794رنز کی تاریخی فتح، حیرت انگیز ون ڈے میچ

اس سے قبل بنگلہ دیش نے اپنی دوسری اننگز میں 390 رنز بنائے۔ تجربہ کار بلے باز مشفق الرحیم نے 137 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کی پوزیشن مضبوط بنائی جبکہ لٹن داس نے 69 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ اوپنر محمود الحسن جوئے نے بھی 52 رنز بنا کر ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا۔

پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ساجد خان نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، لیکن بنگلہ دیش نے مجموعی طور پر اتنا بڑا ہدف دے دیا جس کا تعاقب پاکستانی ٹیم کے لیے ممکن نہ رہا۔

پہلی اننگز میں بنگلہ دیش نے لٹن داس کی شاندار 126 رنز کی اننگز کی بدولت 278 رنز اسکور کیے تھے۔ جواب میں پاکستان کی ٹیم 232 رنز بنا سکی جہاں بابر اعظم نے 68 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔ بنگلہ دیش کے بولرز میں نہید رانا اور تجی الاسلام نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔

یہ فتح بنگلہ دیش کی حالیہ ٹیسٹ کرکٹ کی اہم ترین کامیابیوں میں شمار کی جا رہی ہے، جہاں میزبان ٹیم نے بیٹنگ، فاسٹ بولنگ اور اسپن بولنگ تینوں شعبوں میں پاکستان کو مکمل طور پر آؤٹ کلاس کیا۔

Related Articles