امریکا کے مشہور یوسمائٹ نیشنل پارک میں ہر سال ایک ایسا دلکش قدرتی منظر دیکھنے کو ملتا ہے جو دنیا بھر کے سیاحوں اور فوٹوگرافرز کو اپنی طرف کھینچ لیتا ہے۔
یہ منظر’’ ہارس ٹیل فالس نامی‘‘ آبشار پر اس وقت بنتا ہے جب سال کے چند مخصوص دنوں میں سورج غروب ہونے کا زاویہ بالکل درست ہوتا ہے۔
اس نایاب لمحے میں سورج کی روشنی بہتے ہوئے پانی پر اس طرح پڑتی ہے کہ آبشار سے گرتا پانی کسی آگ کے شعلے یا جلتی ہوئی دھار کی طرح چمکنے لگتا ہے۔ دور سے دیکھنے پر ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے پہاڑ سے لاوا بہہ رہا ہو، لیکن حقیقت میں یہ صرف روشنی، پانی اور زاویے کا ایک قدرتی کھیل ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ منظر تب ہی بنتا ہے جب موسم، سورج کی پوزیشن اور پانی کے بہاؤ کی شدت ایک خاص توازن میں ہوں۔ یہی وجہ ہے کہ یہ منظر سال میں صرف چند منٹ کے لیے ہی دیکھنے کو ملتا ہے۔
فوٹوگرافرز اور سیاح اس لمحے کے انتظار میں گھنٹوں پہلے ہی مخصوص مقامات پر پہنچ جاتے ہیں، کیونکہ یہ منظر پلک جھپکتے ہی ختم ہو جاتا ہے۔
ماہرین قدرت کے اس حیرت انگیز نظارے کو زمین کے سب سے خوبصورت قدرتی فریبِ نظر میں سے ایک قرار دیتے ہیں، جو یہ ثابت کرتا ہے کہ فطرت کبھی کبھی بغیر کسی جادو کے بھی ناقابل یقین مناظر تخلیق کر سکتی ہے۔