بیوی کی گفتگو سے بچنے کیلئے بہرے بننے کا ڈرامہ، 62 سال بعد راز فاش

بیوی کی گفتگو سے بچنے کیلئے بہرے بننے کا ڈرامہ، 62 سال بعد راز فاش

امریکی ریاست کنیکٹی کٹ کے شہر واٹربری میں ایک 84 سالہ شخص کو اپنی بیوی سے ایک عجیب راز چھپانے کی وجہ سے طلاق کا سامنا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق بیری ڈاسن نے شادی شدہ زندگی کے 62 سال کے دوران اپنی 80 سالہ اہلیہ ڈوروتھی کے سامنے کبھی ایک لفظ بھی نہیں بولا۔ وہ اپنی بیوی کو یہی یقین دلاتے رہے کہ وہ نہ سن سکتے ہیں اور نہ بول سکتے ہیں۔ڈوروتھی نے شوہر سے رابطہ کرنے کے لیے اشاروں کی زبان بھی سیکھی، لیکن ان کے مطابق شوہر اس کے باوجود زیادہ بات چیت نہیں کرتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:دو بکریاں بس میں کیوں سوار ہوئیں؟ دلچسپ واقعہ سامنے آگیا

خاتون نے بتایا کہ انہیں اشاروں کے ذریعے بات چیت سیکھنے میں 2 سال لگے، لیکن جیسے ہی وہ اس میں ماہر ہوئیں، شوہر نے بینائی کے مسائل کا دعویٰ شروع کردیا۔ ڈوروتھی نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اب سوچتی ہوں تو شاید وہ بینائی کا مسئلہ بھی جعلی بنا رہے تھے۔

شوہر کا راز کیسے کھلا؟

ڈوروتھی کے مطابق انہیں شوہر کے جھوٹ کا اس وقت پتا چلا جب انہوں نے یوٹیوب پر ایک ویڈیو دیکھی، جس میں بیری ایک بار میں ہونے والی کراوکی تقریب کے دوران گانا گاتے نظر آئے۔ دلچسپ بات یہ تھی کہ بیری نے اس وقت اپنی بیوی سے کہا تھا کہ وہ ایک فلاحی ادارے کی میٹنگ میں موجود ہیں۔ ڈوروتھی کے مطابق اس ویڈیو نے کئی دہائیوں سے جاری شوہر کے راز سے پردہ اٹھا دیا۔ اس جوڑے کے 6 بچے اور 13 پوتے پوتیاں ہیں، جو برسوں تک اپنے والد کو بہرا سمجھتے رہے۔

یہ بھی پڑھیں:83 سال کی عمر میں نئی تاریخ رقم، معمر خاتون نے دنیا کو حیران کر دیا

وکیل نے شوہر کے دفاع میں عجیب مؤقف اختیار کرلیا

بیری ڈاسن کے وکیل رابرٹ سانچیز کا کہنا ہے کہ ان کے مؤکل کا مقصد اپنی بیوی کو دھوکا دینا یا تکلیف پہنچانا نہیں تھا۔ وکیل کے مطابق بیری خاموش طبیعت کے مالک ہیں جبکہ ان کی اہلیہ بہت زیادہ بات کرتی ہیں، اس لیے اگر بیری نے بہرے ہونے کا ڈرامہ نہ کیا ہوتا تو شاید دونوں کی شادی 60 سال پہلے ہی ختم ہوجاتی۔

دوسری جانب ڈوروتھی نے جذباتی دباؤ اور ذہنی اذیت کے ازالے کے لیے مالی معاوضے کے ساتھ مشترکہ اثاثوں میں نصف حصہ اور نان نفقہ کا مطالبہ کیا ہے۔ یوں 62 سال تک خاموش رہنے والا شوہر بالآخر ایک گانے کی ویڈیو کے ذریعے اپنی بیوی کے سامنے بے نقاب ہوگیا۔

editor

Related Articles