سعودی عرب کے علاقے القصیم میں عباسی دور کے قیمتی سونے کے زیورات کی دریافت نے ماہرین آثارِ قدیمہ کو حیران کر دیا۔ سعودی ہیریٹیج کمیشن کے مطابق کھدائی کے دوران تقریباً 100 نایاب سونے کے زیورات برآمد ہوئے ہیں جو اسلامی تہذیب کے سنہری دور کی جھلک پیش کرتے ہیں۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق دریافت ہونے والے زیورات میں پھولوں کی شکل میں تیار کیا گیا مکمل آرائشی سیٹ بھی شامل ہے جس میں رنگ برنگے نگینے نہایت نفاست سے جڑے ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ ایک بڑا گول سونے کا ٹکڑا بھی ملا ہے جس کے درمیان قیمتی پتھروں کو خاص ترتیب سے نصب کیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ زیورات اُس دور کی اعلیٰ فنکاری اور دستکاری کا شاندار نمونہ ہیں۔
کھدائی کے دوران کئی رنگوں والی تسبیحات بھی ملی ہیں جن میں سونے سے تیار کردہ بڑے مگر باریک اسپیسر شامل ہیں۔ یہ تاریخی اشیا آثارِ قدیمہ کے چوتھے سروے اور کھدائی منصوبے کے دوران الدرعیہ سے دریافت ہوئیں۔
سعودی ہیریٹیج کمیشن کے سربراہ ڈاکٹر جاسر سلیمان الحربش نے کہا ہے کہ الدرعیہ میں ہونے والی یہ اہم دریافت سعودی عرب کے تاریخی اور ثقافتی ورثے کی عظمت کو ظاہر کرتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ عباسی دور کی یہ نایاب اشیا خطے کی تاریخی اہمیت کو مزید اجاگر کریں گی اور اسلامی تہذیب کے فنی معیار پر نئی روشنی ڈالیں گی۔