عالمی کرکٹ کے مایہ ناز کھلاڑی ویرات کوہلی نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں ایک اور ایسا ناقابلِ تسخیر عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا ہے جس نے کرکٹ تاریخ میں ان کی بالادستی کو مزید مضبوط کر دیا ہے۔
37 سالہ بھارتی رن مشین ون ڈے کرکٹ میں نمبر تین کی پوزیشن پر بیٹنگ کرتے ہوئے 13 ہزار رنز کا ہندسہ عبور کرنے والے دنیا کے واحد اور پہلے بلے باز بن گئے ہیں۔
آکلینڈ کے تاریخی ایڈن پارک میں کھیلے گئے سیریز کے افتتاحی مقابلے میں کوہلی کو اس تاریخی سنگِ میل تک پہنچنے کے لیے محض 12 رنز کی ضرورت تھی، جو انہوں نے اپنی اننگز کی 13ویں ہی گیند پر حاصل کر کے ریکارڈ بنا لیا ۔
کوہلی نے یہ خلافِ عقل کارنامہ صرف 251 اننگز میں انجام دیا، ون ڈے کرکٹ کی سب سے اہم یعنی نمبر تین کی پوزیشن پر کھیلتے ہوئے ان کی اوسط 61.55 کی ناقابلِ یقین سطح پر قائم ہے، جہاں وہ اب تک 48 شاندار سنچریاں اور تقریباً 70 نصف سنچریاں بھی جڑ چکے ہیں۔
تاریخ کے آئینے میں دیکھا جائے تو اس مخصوص فہرست میں سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ 12 ہزار 662 رنز کے ساتھ دوسرے، جبکہ سری لنکا کے عظیم وکٹ کیپر بیٹر کمار سنگاکارا 9 ہزار 747 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت میچ کا جنون عروج پر، ورلڈ کپ ٹکٹس کیلئے 84 لاکھ درخواستیں موصول، سابقہ ریکارڈ ٹوٹ گئے
جنوبی افریقا کے آل راؤنڈر جیک کیلس 7 ہزار 774 رنز کے ساتھ چوتھے اور نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن 6 ہزار 504 رنز کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔
ماہرین کے مطابق کوہلی کا یہ ریکارڈ دہائیوں تک ٹوٹنا ناممکن نظر آتا ہے کیونکہ ان کے تعاقب میں موجود تمام چاروں سرفہرست کھلاڑی بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں۔
موجودہ دور کے کرکٹرز کوہلی کے اس معیار سے اتنے فاصلے پر ہیں کہ فاصلہ سمیٹنا جوئے شیر لانے کے مترادف ہے ، پاکستان کے 32 سالہ بابر اعظم 6 ہزار 054 رنز اور انگلینڈ کے 35 سالہ جو روٹ 5 ہزار 525 رنز کے ساتھ کوہلی سے تقریباً 7 ہزار رنز پیچھے کھڑے ہیں، جو یہ ثابت کرتا ہے کہ ون ڈے کرکٹ کی ون ڈاؤن پوزیشن پر کوہلی کی حاکمیت کو فی الحال کوئی خطرہ لاحق نہیں۔