ملک کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کے بعد موسم میں تبدیلی کا امکان پیدا ہوگیا ہے محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے متعدد علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں کو متاثر کر رہا ہے جس کے باعث کئی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ ماہرین کے مطابق بارشوں کے باعث گرمی کی شدت میں کمی آئے گی اور موسم نسبتاً خوشگوار ہو جائے گا۔
پیشگوئی کے مطابق لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور وسطی پنجاب کے دیگر اضلاع میں کہیں کہیں بارش متوقع ہے، جبکہ پوٹھوہار ریجن میں تیز ہواؤں اور آندھی کے ساتھ بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں، بشمول سوات، دیر، چترال، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ اسی طرح گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، تاہم بعض علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چل سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ بعض علاقوں میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی کا سبب بن سکتا ہے۔
بارش برسانے والا یہ سسٹم آئندہ چند روز تک فعال رہے گا اور 3 جون تک پنجاب کے مختلف اضلاع کو متاثر کر سکتا ہے۔ اس دوران درجہ حرارت میں کمی اور گرمی کی شدت میں نمایاں کمی آنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
ممکنہ بارشوں کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے صوبہ بھر کی ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور شہری آبادیوں میں نکاسی آب کے مسائل سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کو پیشگی انتظامات مکمل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔