محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں گرم اور خشک موسم کی پیشگوئی کرتے ہوئے بالائی علاقوں میں بارش، آندھی اور گرج چمک کے امکانات ظاہر کیے ہیں۔
میدانی علاقوں میں موسم خشک اور گرم
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جبکہ وسطی اور جنوبی علاقوں میں دن کے اوقات میں شدید گرمی برقرار رہنے کا امکان ہے۔ سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے متعدد علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہ سکتا ہے جس کے باعث گرمی کی شدت محسوس کی جائے گی۔
اسلام آباد، بالائی پنجاب، کشمیر میں بارش متوقع
دوسری جانب مغربی ہواؤں کے ایک سلسلے کے زیر اثر اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے جس سے کمزور ڈھانچوں، بجلی کے کھمبوں اور درختوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شمالی علاقوں میں بارش کے باعث مقامی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی پیش آسکتے ہیں۔ متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
کراچی سمیت سندھ میں موسم گرم رہے گا
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی سمیت سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جبکہ بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ 5 جون تک جاری رہ سکتا ہے۔ ملک کے مختلف حصوں میں موسم کی صورتحال کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور محکمہ موسمیات کی تازہ ترین ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔