وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی بلوچستان میں امن و امان سے متعلق سیاسی شخصیات سے اہم ملاقاتیں

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی بلوچستان میں امن و امان سے متعلق سیاسی شخصیات سے اہم ملاقاتیں

بلوچستان کے ممتاز سیاسی و قبائلی رہنما اور خروٹی قبائل کے چیف سردار اکبر خان خروٹی خلجی نے وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز و انسانی وسائل چوہدری سالک حسین سے اہم ملاقات کی، جبکہ بعد ازاں پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و ترجمان غلام مصطفیٰ ملک سے بھی تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقاتوں میں بلوچستان کی مجموعی سیاسی صورتحال، امن و امان، صوبے کو درپیش مسائل، عوامی مشکلات اور قومی و علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران سردار اکبر خان خروٹی نے مسلم لیگی رہنماؤں کو بلوچستان کی موجودہ سیاسی صورتحال، امن و امان کے مسائل اور صوبے کے عوام کو درپیش مشکلات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے قومی سطح پر سیاسی توجہ اور مؤثر کردار کی ضرورت پر زور دیا۔

سردار اکبر خان خروٹی نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین اور پاکستان مسلم لیگ نے ماضی میں بھی بلوچستان کے مسائل کے حل اور صوبے میں سیاسی ہم آہنگی کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے، اس لیے موجودہ حالات میں بھی بلوچستان کو قومی سیاسی قیادت کی خصوصی توجہ درکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین ایک تجربہ کار اور محب وطن سیاستدان ہیں اور انہیں بلوچستان کے مسائل کے حل، صوبے میں امن و سیاسی استحکام اور مختلف طبقات کے درمیان اعتماد سازی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں:موٹر سائیکل اور گاڑی مالکان کیلئے خوشخبری، سبسڈی کا طریقہ مزید آسان کر دیا

سردار اکبر خان خروٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی نظریں قومی رہنماؤں کی طرف ہیں، ملک کی تمام سیاسی قوتوں کو صوبے کے مسائل کے حل، عوامی مشکلات کے ازالے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے سردار اکبر خان خروٹی کو بلوچستان کو درپیش مسائل کے حل اور عوامی مشکلات کے ازالے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے بلوچستان میں امن، سیاسی استحکام اور قومی یکجہتی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

بعد ازاں سردار اکبر خان خروٹی نے پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و ترجمان غلام مصطفیٰ ملک سے بھی ملاقات کی، جس میں بلوچستان کی صورتحال اور صوبے کے عوام کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

غلام مصطفیٰ ملک نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ بلوچستان کے عوام کے مسائل اور مشکلات کو سنجیدگی سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے سردار اکبر خان خروٹی کو یقین دہانی کرائی کہ بلوچستان کے حوالے سے ان کے تحفظات اور تجاویز پارٹی قیادت، بالخصوص چوہدری شجاعت حسین تک پہنچائے جائیں گے۔

غلام مصطفیٰ ملک نے کہا کہ بلوچستان میں سیکیورٹی اداروں، مسافروں اور محنت کشوں کو نشانہ بنانا قابل مذمت ہے۔ ان کے مطابق ملک میں امن و استحکام کے لیے دہشت گردی کے خلاف قومی سطح پر متحد ہوکر مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ محب وطن بلوچوں اور پختونوں کے ساتھ کسی بھی قسم کی زیادتی قابل قبول نہیں، جبکہ بلوچستان کے عوام کو امن، ترقی، انصاف اور مساوی مواقع فراہم کرنا قومی ذمہ داری ہے۔

ملاقات کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ بلوچستان کے مسائل کو قومی سطح پر اجاگر کرنے اور ان کے حل کے لیے سیاسی و جمہوری ذرائع سے مؤثر کردار ادا کیا جائے گا، جبکہ صوبے میں امن، سیاسی استحکام اور قومی یکجہتی کے لیے کوششوں کو مزید آگے بڑھایا جائے گا

Qaisar Mirza
editor

Related Articles