بجٹ سے قبل ہی پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کے ملازمین کے لیے بڑی خوشخبری آ گئی ہے جب پروموشن بورڈ کی منظوری کے بعد متعدد ملازمین کو گریڈ 14 میں ترقی دی گئی۔
پیسکو انتظامیہ کی جانب سے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ترقیوں کا یہ عمل مکمل طور پر مروجہ پالیسی کے تحت شفاف طریقے سے مکمل کیا گیا ہے۔
ترقی پانے والے تمام ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالیں تاکہ محکمانہ امور میں بہتری آئے اور کام کی کارکردگی میں اضافہ ہو۔ نوٹیفکیشن میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ ترقی پانے والے اہلکاروں کی سینارٹی پرانی ترتیب کے مطابق برقرار رہے گی اور وہ تاخیر کیے بغیر نئی پوزیشنز پر کام شروع کریں گے۔
اس کے علاوہ پروموشن آرڈرز عارضی طور پر جاری کیے گئے ہیں اور ان کی حتمی تصدیق ملازمین کی ڈگری اور تعلیمی و تربیتی اسناد کی جانچ کے بعد کی جائے گی۔