پاکستان کے معروف سابق کرکٹرز وسیم اکرم اور مصباح الحق اور نامور ٹی وی میزبان فخرِ عالم نے رواں سال حج کی سعادت حاصل کی، تاہم حج کی ادائیگی کے بعد تینوں شخصیات کو سر منڈوائے بغیر دیکھ کر سوشل میڈیا پر مختلف سوالات اٹھنے لگے۔
اس حوالے سے فخرِ عالم نے ایک ویڈیو پیغام میں وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ حج پر روانگی سے قبل انہوں نے متعدد علمائے کرام سے اس مسئلے پر رہنمائی حاصل کی تھی۔ ان کے مطابق علما نے واضح کیا کہ حج مکمل کرنے کے بعد مردوں کے لیے دو صورتیں موجود ہیں، یا تو وہ مکمل سر منڈوا لیں یا پھر اپنے بالوں میں سے کچھ حصہ کٹوا لیں۔
فخرِ عالم نے بتایا کہ اگرچہ سر منڈوانا زیادہ فضیلت اور اجر کا باعث سمجھا جاتا ہے، تاہم شرعی طور پر بالوں کو مختصر کروانا بھی جائز ہے اور اس صورت میں حج کے ارکان مکمل ہو جاتے ہیں۔ اسی شرعی گنجائش کے تحت انہوں نے، وسیم اکرم اور مصباح الحق نے سر منڈوانے کے بجائے بال مختصر کروانے کا انتخاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں بعض افراد لاعلمی کی وجہ سے یہ سمجھتے ہیں کہ حج کے بعد سر منڈوانا لازمی ہے حالانکہ اسلامی تعلیمات کے مطابق بال منڈوانا افضل ضرور ہے لیکن صرف بال کٹوانا بھی جائز اور قابل قبول عمل ہے۔
فخرِ عالم کی وضاحت کے بعد سوشل میڈیا پر جاری بحث کو بھی کافی حد تک واضح جواب مل گیا ہے ، انہوں نے کہا ہے کہ حج کی ادائیگی کے دوران تمام مذہبی امور علما کی رہنمائی میں انجام دیے گئے اور ہر قدم شرعی احکامات کے مطابق اٹھایا گیا۔