پاسپورٹ بنوانے کے خواہشمند افراد کے لئے خوشخبری

پاسپورٹ بنوانے کے خواہشمند افراد کے لئے خوشخبری

پاسپورٹ بنوانے والے شہریوں کیلئے اچھی خبر سامنے آگئی ہے۔ حکومت نے عوامی سہولت کے پیش نظر پاسپورٹ ہوم ڈیلیوری سروس شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا نے اعلان کیا ہے کہ یکم جولائی سے پاسپورٹ کی نئی ہوم ڈیلیوری سروس کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ اس سروس کے تحت شہریوں کو پاسپورٹ حاصل کرنے کیلئے بار بار پاسپورٹ دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔

ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے مختلف پاسپورٹ دفاتر کا دورہ بھی کیا اور شہریوں سے ملاقات کے دوران ان کی شکایات اور مسائل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے اور خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے۔

محمد علی رندھاوا کا کہنا تھا کہ نئے نظام کے تحت پاسپورٹ کی ترسیل کا عمل زیادہ شفاف، مؤثر اور تیز رفتار بنایا جائے گا، جس سے شہریوں کو طویل قطاروں اور غیر ضروری انتظار سے نجات ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش کا بڑا فیصلہ ، پاسپورٹ پر دوبارہ ’’سوائے اسرائیل‘‘ عبارت لکھنے کااعلان

انہوں نے کورئیر کمپنیوں کو بھی ہدایت کی کہ پاسپورٹس کی محفوظ اور بروقت ترسیل یقینی بنائی جائے تاکہ درخواست گزاروں کو بہترین سہولت فراہم کی جا سکے۔

ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے مطابق حکومت جدید، تیز رفتار اور عوام دوست خدمات کی فراہمی کیلئے مسلسل اصلاحات متعارف کرا رہی ہے، جبکہ مستقبل میں بھی عوامی سہولتوں کے دائرہ کار کو مزید وسعت دی جائے گی۔

Related Articles