نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے آئندہ موسمی صورتحال کے پیش نظر ملک کے مختلف حصوں کے لیے الرٹ جاری کرتے ہوئے بارش، تیز ہواؤں، دھند اور اسموگ کے امکانات سے خبردار کردیا ہے۔
این اے او سی کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ پوٹھوہار کے مختلف علاقوں، مری اور گلیات میں موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔پنجاب کے مختلف شہروں میں رات کے اوقات میں دھند اور اسموگ کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ان شہروں میں لاہور، گوجرانوالہ، نارووال، سیالکوٹ، خانیوال، فیصل آباد، ملتان اور بہاولپور شامل ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں چترال، سوات، شانگلہ، بٹگرام اور مانسہرہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اسی طرح پشاور، ایبٹ آباد، کوہاٹ اور نوشہرہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔صوبے کے دیگر علاقوں خیبر، لکی مروت، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بارش اور تیز ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
الرٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ گرج چمک اور بارش متوقع ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری اور ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔
پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر مسافروں اور سیاحوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔
