پاکستان میں شوگر کے مریضوں کی تعداد نے خطرے کی گھنٹی بجا دی، 3 کروڑ 45 لاکھ افراد متاثر

پاکستان میں شوگر کے مریضوں کی تعداد نے خطرے کی گھنٹی بجا دی، 3 کروڑ 45 لاکھ افراد متاثر

پاکستان میں ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد تقریباً 3 کروڑ 45 لاکھ تک پہنچ گئی ہے، جبکہ نوجوان بھی اس بیماری سے متاثر ہو رہے ہیں۔ وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر مختار احمد ملک نے صورتحال کو صحت عامہ کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت اور ترقی کے لیے بھی سنگین چیلنج قرار دے دیا۔

ذیابیطس کے عالمی دن 2026 کے موقع پر پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (PANAH) کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مختار احمد ملک نے کہا کہ ملک میں تقریباً 34.5 ملین افراد ذیابیطس کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں اور بالغ آبادی کا تقریباً ایک تہائی حصہ اس بیماری سے متاثر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ذیابیطس محض صحت کا مسئلہ نہیں بلکہ ایک بڑا اقتصادی اور ترقیاتی چیلنج بھی بن چکی ہے، جس کی روک تھام، جلد تشخیص اور مؤثر علاج کے لیے فوری اور مربوط اقدامات ناگزیر ہیں۔

وزیر مملکت نے صحت مند طرز زندگی، عوامی آگاہی اور احتیاطی طبی سہولیات پر زیادہ وسائل خرچ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ شواہد پر مبنی غذائی پالیسیوں کے تحت میٹھے مشروبات پر ہیلتھ ٹیکس، غذائی مصنوعات کے پیکٹس پر واضح انتباہی لیبلز اور بچوں کو غیر صحت بخش خوراک کی تشہیر سے محفوظ رکھنے کے لیے پابندیوں جیسے اقدامات اہم ہیں۔

ڈاکٹر مختار احمد ملک نے بتایا کہ حکومت ذیابیطس کی روک تھام اور کنٹرول کے لیے وزیراعظم کے پروگرام کے تحت ملک بھر میں اسکریننگ کی سہولیات فراہم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے، جس کے لیے 6.8 ارب روپے کا ذکر کیا گیا ہے۔ پروگرام کا آغاز اسلام آباد سے ہوگا، جس کے بعد اسے صوبوں تک توسیع دی جائے گی۔

انہوں نے بنیادی صحت کے مراکز کو مضبوط بنانے پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ ذیابیطس کی بروقت اسکریننگ، ابتدائی تشخیص اور ضرورت پڑنے پر مریضوں کو متعلقہ طبی مراکز منتقل کرنے کا مؤثر نظام قائم کرنا ضروری ہے۔

وزیر مملکت نے ذہنی صحت، تناؤ اور ذیابیطس کے درمیان تعلق پر مزید تحقیق کی ضرورت بھی اجاگر کی اور کہا کہ ذہنی صحت سے متعلق امور کو غیر متعدی بیماریوں کی روک تھام کی مجموعی حکمت عملی کا حصہ بنایا جانا چاہیے۔

تقریب کے دوران پاکستان میں ذیابیطس کی صورتحال پر ایک پریزنٹیشن پیش کی گئی، جبکہ قومی ذیابیطس اور غیر متعدی امراض (NCDs) کانکلیو کے قیام کی تجویز بھی سامنے آئی۔

ڈاکٹر مختار احمد ملک نے اس تجویز کے لیے وزارت صحت کی جانب سے ادارہ جاتی تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومتوں، ترقیاتی شراکت داروں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر ذیابیطس کی روک تھام اور صحت عامہ کے تحفظ کے اقدامات کو آگے بڑھایا جائے گا۔

Related Articles