عالمی سرمایہ کاروں کو کے پی آنے کی دعوت،سکیورٹی اور تمام سہولیات کی فراہمی ہماری ذمہ داری ،گورنر خیبر پختونخوا

عالمی سرمایہ کاروں کو کے پی آنے کی دعوت،سکیورٹی اور تمام سہولیات کی فراہمی ہماری  ذمہ داری ،گورنر خیبر پختونخوا

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کو صوبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ سرمایہ کاروں کو مکمل سیکیورٹی، ضروری سہولیات اور سازگار ماحول فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، امن و امان کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے اور دہشت گردی و غیر قانونی معدنیات کے کاروبار کے گٹھ جوڑ کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی گئی ہے۔

منرل انویسٹمنٹ فورم 2026 کے تحت ’’معدنی وسائل میں سرمایہ کاروں کی نئی منزل پاکستان‘‘ کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے جہاں معدنیات، تیل و گیس، سیاحت، آبی وسائل اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو صوبے میں سرمایہ کاری کی ترغیب دے رہی ہے اور اس مقصد کے لیے ون ونڈو آپریشن، مکمل سیکیورٹی اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ سرمایہ کاروں کو کاروباری سرگرمیوں کے آغاز اور منصوبوں پر عمل درآمد میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

یہ بھی پڑھیں :دین کا سبق پڑھانے والے قبضہ مافیا بن گئے تو باقی لوگوں کو کیا سبق دیں گے،گورنر خیبر پختونخوا

گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ صوبے میں پائیدار ترقی اور معاشی خوشحالی کے لیے امن و امان بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ دہشت گردی اور غیر قانونی معدنیات کے کاروبار کے درمیان گٹھ جوڑ کے خاتمے کے لیے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جائے گا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو دہشت گردی کے مسائل سے نکال کر سیاحت، تجارت اور ٹیکنالوجی کی ترقی کی راہ پر گامزن کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ صوبے کے قدرتی وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لا کر روزگار کے مواقع پیدا کیے جاسکتے ہیں اور ملکی معیشت کو بھی فائدہ پہنچایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ خیبرپختونخوا کے معدنی، توانائی اور دیگر معاشی شعبوں میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھائیں، حکومت سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔

editor

Related Articles