حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کے بعد عوام کو ٹرانسپورٹ اور روزمرہ سفری اخراجات میں کچھ ریلیف ملنے کی توقع ہے،حکومت کی طرف سے کچھ دنوں سے مسلسل پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جارہی ہے جس کا مقصد عوام کوزیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے
پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، نئی قیمتوں کے مطابق پیٹرول 332 روپے اور ڈیزل 360 روپے فی لیٹر دستیاب ہوگا، جبکہ نئی قیمتوں کا اطلاق 13 نومبر تک ہوگا۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے فی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت 332 روپے مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح ڈیزل کی قیمت 4 روپے فی لیٹر کم ہوکر 360 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
قیمتوں میں اس کمی سے موٹرسائیکل، رکشہ، کار اور دیگر پیٹرول سے چلنے والی گاڑیاں استعمال کرنے والوں کو براہ راست فائدہ ہوگا اگرچہ فی لیٹر کمی محدود ہے، تاہم روزانہ سفر کرنے اور باقاعدگی سے ایندھن خریدنے والے صارفین کے لیے ماہانہ بنیادوں پر کچھ بچت ممکن ہوگی۔
پیٹرول کی قیمت میں کمی کا فائدہ روزانہ موٹرسائیکل اور گاڑی استعمال کرنے والوں کو ہوگا10 لیٹر پیٹرول خریدنے پر 30 روپے کی بچت ہوگی۔
ڈیزل کی قیمت میں کمی کا اثر صرف ٹرکوں اور بسوں تک محدود نہیں رہتا بلکہ اس کا تعلق ملک کے پورے سپلائی نظام سے ہے، پاکستان میں مال بردار گاڑیاں، بسیں، ٹرک اور کئی زرعی مشینری ڈیزل پر چلتی ہیں،اس لیے ڈیزل سستا ہونے سے سامان کی ترسیل کے اخراجات میں کمی کی گنجائش پیدا ہوتی ہے۔
اگر ٹرانسپورٹ کمپنیاں ایندھن کی بچت کا فائدہ مسافروں اور تاجروں تک منتقل کریں تو بسوں کے کرایوں اور مال برداری کے نرخوں میں بھی کمی آسکتی ہے۔
اسی طرح اشیائے خورونوش، سبزیوں، پھلوں اور دیگر ضروری سامان کی ترسیل پر آنے والے اخراجات میں کمی کا امکان پیدا ہوتا ہے۔ تاہم یہ فائدہ خودکار نہیں، اس کے لیے ٹرانسپورٹ کرایوں اور مال برداری کے نرخوں میں باقاعدہ کمی ضروری ہوگی۔
ڈیزل بڑے جنریٹرز اور بعض صنعتی و تجارتی اداروں میں بجلی پیدا کرنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ قیمت میں کمی سے ایسے اداروں کے پیداواری اخراجات میں کچھ کمی آسکتی ہے۔ اس کا اثر کاروباری لاگت پر پڑ سکتا ہے، تاہم بجلی کے سرکاری نرخوں میں فوری کمی لازمی نہیں۔
پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مجموعی کمی کے باوجود عوام کے لیے یہ ریلیف محدود نوعیت کا ہے۔ پیٹرول پر 3 روپے اور ڈیزل پر 4 روپے فی لیٹر کمی سے روزمرہ اخراجات میں معمولی بچت ہوگی۔
