وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے واضح کیا ہے کہ حکومت کے پاس بانی پی ٹی آئی عمران خان کے لیے نہ کوئی ڈیل ہے اور نہ ہی ڈھیل، ان کے لیے قانونی راستے صرف عدالتوں سے ہی کھل سکتے ہیں۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے متعلق تمام معاملات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں اور ان کا حل بھی قانونی طریقہ کار کے مطابق ہی ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف عمران خان آئرن مین بنے ہوئے ہیں جبکہ دوسری جانب حکومت سے رابطوں کی باتیں بھی سامنے آتی ہیں، جو ان کے اپنے مؤقف سے مطابقت نہیں رکھتیں،وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ فی الحال کسی قسم کے بیک ڈور یا فرنٹ ڈور رابطے نہیں ہو رہے۔ خفیہ رابطوں سے متعلق خبریں محض خواہشات پر مبنی ہیں اور ان میں کوئی حقیقت نہیں۔
طارق فضل چوہدری نے بانی پی ٹی آئی کے وکلا کو مشورہ دیا کہ وہ طبی ماہرین کا کردار ادا کرنے کے بجائے اپنے پیشہ ورانہ اور قانونی معاملات پر توجہ دیں۔ ان کے مطابق وکلا اگر اپنے اصل کام پر توجہ مرکوز کریں تو اس سے کوئی بہتر اور فائدہ مند صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔
انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ عمران خان کے معاملے میں حکومت کی جانب سے کسی خصوصی رعایت یا سیاسی ڈیل کا کوئی امکان نہیں اور تمام معاملات آئینی و قانونی دائرے میں رہتے ہوئے عدالتوں کے ذریعے ہی آگے بڑھیں گے۔