16 نومبر سے آسان اسائنمنٹ اکاؤنٹس کی نقد ادائیگیوں کا باب بند، تمام رقوم راست ڈیجیٹل نظام سے منتقل ہوں گی

16 نومبر سے آسان اسائنمنٹ اکاؤنٹس کی نقد ادائیگیوں کا باب بند، تمام رقوم راست ڈیجیٹل نظام سے منتقل ہوں گی

حکومت نے ملک میں نقد لین دین کی حوصلہ شکنی اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو وسعت دینے کے لیے اہم اقدامات کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت 16 نومبر سے آسان اسائنمنٹ اکاؤنٹس کی تمام ادائیگیاں راست ڈیجیٹل نظام کے ذریعے کی جائیں گی۔

اس حوالے سے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کی زیر صدارت کیش لیس پاکستان منصوبے پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ کے لیے جاری اقدامات اور آئندہ کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔

وزارت خزانہ کے مطابق آسان اسائنمنٹ اکاؤنٹس کے ذریعے ادائیگیوں کے نئے طریقہ کار پر عمل درآمد کے لیے ڈرائنگ اینڈ ڈسبرسنگ افسران کی تربیت مکمل کرلی گئی ہے، تاکہ مقررہ تاریخ سے تمام ادائیگیاں ڈیجیٹل نظام کے تحت ممکن بنائی جاسکیں۔

یہ بھی پڑھیں :کیش لیس معیشت اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے بعد اسلام آباد کو بین الاقوامی ہوٹل چینز کے ساتھ منسلک کرنے کا فیصلہ

اجلاس میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں ڈیجیٹل ادائیگیاں وصول کرنے والے تاجروں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ یہ تعداد 5 لاکھ سے بڑھ کر 20 لاکھ 30 ہزار تک پہنچ چکی ہے، جس سے کاروباری شعبے میں ڈیجیٹل لین دین کے بڑھتے ہوئے رجحان کی عکاسی ہوتی ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق بجلی اور گیس کے ساڑھے 4 کروڑ سے زائد بلوں پر راست کیو آر کوڈز فراہم کردیے گئے ہیں، جس کے ذریعے صارفین گھروں میں بیٹھ کر اپنے یوٹیلیٹی بلوں کی ادائیگی کرسکتے ہیں۔ اسی طرح نادرا کے تمام مراکز میں بھی راست کیو آر کوڈ کی سہولت متعارف کرادی گئی ہے۔اجلاس کو مزید آگاہ کیا گیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کی مجموعی تعداد دوگنی ہوگئی ہے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا بنیادی مقصد ملک میں نقد رقم کے استعمال کو کم کرنا، مالیاتی لین دین کو آسان بنانا اور شہریوں کو جدید ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام سے منسلک کرنا ہے۔ کیش لیس پاکستان منصوبے کے تحت سرکاری ادائیگیوں سے لے کر روزمرہ کاروباری معاملات تک ڈیجیٹل نظام کو فروغ دینے کی کوششیں جاری ہیں۔

editor

Related Articles