نظامِ انصاف میں خواتین کی سہولت کے لیے بڑا قدم، ملک بھر کی عدالتوں میں خصوصی مراکز قائم کرنے کا فیصلہ

نظامِ انصاف میں خواتین کی سہولت کے لیے بڑا قدم، ملک بھر کی عدالتوں میں خصوصی مراکز قائم کرنے کا فیصلہ

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت لا اینڈ جسٹس کمیشن کے اجلاس میں خواتین کو انصاف تک آسان رسائی فراہم کرنے کے لیے چاروں صوبوں میں ویمن فیسیلیٹیشن سینٹرز قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا، پہلے مرحلے میں ہر صوبے میں ایک مرکز قائم ہوگا۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے بطور چیئرمین لا اینڈ جسٹس کمیشن اجلاس کی صدارت کی، جس میں ویمن فیسیلیٹیشن سینٹرز کے قیام سے متعلق پیش رفت، مجوزہ ڈیزائنز اور انتظامی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ سال 2026-27 کے دوران چاروں صوبوں اور اسلام آباد میں خواتین کے لیے سہولت مراکز کا قیام اہم ترجیح ہے، جہاں خواتین سائلین کو ایک ہی چھت تلے قانونی رہنمائی، معلومات اور ضروری معاونت فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ ان مراکز میں ون ونڈو سہولت متعارف کرائی جائے گی، جس سے خواتین کو قانونی معاملات کے سلسلے میں مختلف دفاتر کے چکر لگانے اور بار بار عدالتوں میں پیش ہونے کی مشکلات کم کرنے میں مدد ملے گی۔

مجوزہ مراکز میں استقبالیہ، رہنمائی ڈیسک، انتظار گاہیں، صاف واش رومز، خواتین کے لیے علیحدہ مشاورتی کمرے اور قانونی معاونت کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ ثالثی اور متبادل حل تنازعات کے لیے مخصوص جگہ بھی مختص ہوگی۔

منصوبے کے تحت ضرورت مند خواتین کو نفسیاتی و سماجی معاونت فراہم کرنے کے ساتھ معذوری کی حامل خواتین کے لیے خصوصی ریمپس، قابل رسائی داخلی راستے اور واضح رہنما علامات بھی نصب کی جائیں گی۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ان مراکز کے قیام کا بنیادی مقصد خواتین کی رازداری، تحفظ اور وقار برقرار رکھتے ہوئے انصاف تک رسائی آسان بنانا اور قانونی حقوق کے حصول میں درپیش عملی رکاوٹیں کم کرنا ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ چاروں صوبوں کی متعلقہ ہائیکورٹس سے مشاورت مکمل ہو چکی ہے، جبکہ ابتدائی چار مراکز کے قیام کے لیے مقامات کی نشاندہی بھی کر دی گئی ہے۔

چیف جسٹس نے بتایا کہ انسٹیٹیوٹ آف آرکیٹیکٹس پاکستان کے تعاون سے مراکز کے ڈیزائن کا ملک گیر مقابلہ منعقد کیا گیا، جس کے تین بہترین ڈیزائن تمام ہائیکورٹس کو فراہم کر دیے گئے ہیں تاکہ مقامی ضروریات کے مطابق موزوں ڈیزائن منتخب کیے جا سکیں۔

انہوں نے نیسپاک کو ویمن فیسیلیٹیشن سینٹرز کے قیام پر کام شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ ہائیکورٹس کے تعاون سے منصوبوں کی بروقت تکمیل اور مطلوبہ سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے پر زور دیا۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ سال 2025-26 کے دوران ملک بھر کی عدالتوں اور بار ایسوسی ایشنز میں بلاتعطل بجلی، ای لائبریریز، انٹرنیٹ اور پینے کے صاف پانی سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی کے منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں۔

Related Articles