موٹرسائیکل ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کے لیے بڑی خبر آگئی ہے۔ پنجاب حکومت نے نوجوانوں کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کی کم از کم عمر کی حد 18 سال سے کم کرکے 16 سال کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اب 16 سال تک کے نوجوان بھی موٹرسائیکل ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے اہل ہوں گے۔ کابینہ کی منظوری کے بعد محکمہ داخلہ نے باقاعدہ گزٹ نوٹیفکیشن کے اجرا کے لیے سفارشات محکمہ قانون کو بھجوا دی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد نوٹیفکیشن آئندہ پیر کے روز جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
منظور شدہ پالیسی کے تحت 16 سال عمر کے لائسنس ہولڈرز صرف موٹرسائیکل چلانے کے مجاز ہوں گے اور انہیں ایک مسافر ساتھ بٹھانے کی اجازت ہوگی۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ اس لائسنس کے حامل افراد رکشہ یا کسی بھی قسم کی کمرشل گاڑی چلانے کے مجاز نہیں ہوں گے۔ ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے درخواست دہندگان کو تمام قانونی تقاضے پورے کرنے اور مقررہ ڈرائیونگ ٹیسٹ پاس کرنا لازم ہوگا۔
محکمہ داخلہ کی جانب سے منظور شدہ سمری باضابطہ نوٹیفکیشن کے اجرا کے لیے محکمہ قانون کو ارسال کر دی گئی ہے، جس کے بعد نئی پالیسی پر عملدرآمد کا آغاز ہو جائے گا۔