پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے مالی سال 2025-26 کی بہترین کارکردگی کی بنیاد پر ملازمین کے لیے سالانہ بونس کی منظوری دے دی، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیسکو کے ریگولر، کنٹریکٹ اور ڈیپوٹیشن پر کام کرنے والے ملازمین کو ایک ماہ کی بنیادی تنخواہ بطور بونس دی جائے گی۔
اسی طرح لمپ سم اور ڈیلی ویجز یعنی روزانہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین کو ایک ماہ کی ابتدائی بنیادی تنخواہ کے برابر پرفارمنس انسینٹو دیا جائے گا۔ تاہم اس بونس کے اہل صرف وہ ملازمین ہوں گے جو کم از کم چھ ماہ سے کمپنی کے پے رول پر موجود ہیں۔
پیسکو انتظامیہ کی جانب سے ملازمین کے لیے بونس کی خوشخبری کے ساتھ محکمے میں شفافیت برقرار رکھنے کے لیے سخت شرائط بھی عائد کی گئی ہیں۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ کرپشن، بجلی چوری اور بدعنوانی میں ملوث ملازمین اس بونس کے اہل نہیں ہوں گے۔
اس کے علاوہ نیب، ایف آئی اے یا دیگر تحقیقاتی اداروں کی انکوائریوں کا سامنا کرنے والے ملازمین اور محکمانہ طور پر بڑی سزا پانے والے ملازمین کو بھی پرفارمنس انسینٹو نہیں دیا جائے گا۔
کمپنی نے صارفین کی سہولت کو ترجیح دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیٹ میٹرنگ اور بلنگ کنکشن کی فراہمی میں سستی یا تاخیر کرنے والے متعلقہ افسران کا بونس بند رہے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت کے 118 کمپلینٹ پورٹل پر آنے والی عوامی شکایات کے حل میں تاخیر کرنے والے عملے اور افسران کو بھی بونس سے محروم رکھا جائے گا۔