پی ٹی آئی مارچ : اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد شروع، کے پی حکومت نے اہم ہدایات جاری کردیں

پی ٹی آئی مارچ : اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد شروع، کے پی حکومت نے اہم  ہدایات جاری کردیں

اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں خیبرپختونخوا حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اسلام آباد کی جانب مارچ کے حوالے سے سرکاری افسران اور سرکاری وسائل کے استعمال پر پابندی سے متعلق ہدایات جاری کردی ہیں۔

چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا نے تمام متعلقہ افسران کو عدالتی احکامات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کسی افسر کو اسلام آباد کی جانب مارچ میں شرکت کے لیے کہا جائے تو وہ فوری طور پر چیف سیکریٹری یا انسپکٹر جنرل پولیس کو آگاہ کرے۔

چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری آفس میمورنڈم میں واضح کیا گیا ہے کہ کوئی بھی سرکاری افسر اسلام آباد کی جانب جانے والے مارچ، ریلی یا جلوس میں معاونت یا سہولت فراہم نہیں کرے گا۔

آزادانہ نقل و حرکت اور شہری سہولیات متاثر کرنے پر پابندی

جاری ہدایات کے مطابق ایسے کسی مارچ یا ریلی کی اجازت نہیں دی جائے گی جس سے اسلام آباد میں آزادانہ نقل و حرکت، تجارتی و کاروباری سرگرمیوں، تعلیمی اداروں یا طبی سہولیات تک رسائی متاثر ہونے کا خدشہ ہو۔

میمورنڈم میں سرکاری وسائل کے استعمال کے حوالے سے بھی واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

سرکاری گاڑیوں اور وسائل کے استعمال پر پابندی

ہدایات کے مطابق کسی بھی مارچ یا ریلی کے لیے سرکاری گاڑی، مشینری، آلات، عوامی فنڈز یا دیگر سرکاری وسائل استعمال نہیں کیے جاسکیں گے۔

چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا نے متعلقہ افسران کو عدالتی احکامات کی پابندی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے سرکاری افسر کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔

شکایات اور اطلاع کے لیے ہیلپ لائن قائم

آفس میمورنڈم میں مزید کہا گیا ہے کہ کسی بھی رکاوٹ یا واقعے کی اطلاع دینے کے لیے ہیلپ لائن بھی فراہم کردی گئی ہے۔

سرکاری ہدایات کے مطابق متعلقہ افراد یا افسران 091-9210068 پر رابطہ کرکے کسی رکاوٹ یا واقعے سے متعلق اطلاع دے سکتے ہیں۔

Related Articles