عالمی اور مقامی گولڈ مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد سونے کے خریداروں کے لیے خوشخبری سامنے آئی ہے۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 12 ہزار 479 روپے کی بڑی کمی ہوئی ہے جس کے بعد فی تولہ سونے کا نرخ کم ہو کر 4 لاکھ 55 ہزار 327 روپے پر آ گیا ہے۔
اسی طرح مقامی مارکیٹ میں 10 گرام سونے کی قیمت بھی 11 ہزار 240 روپے کم ہو گئی جس کے بعد اس کی نئی قیمت 3 لاکھ 89 ہزار 772 روپے ریکارڈ کی گئی۔
چاندی کی قیمت میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی۔ فی تولہ چاندی 463 روپے سستی ہونے کے بعد 7 ہزار 267 روپے پر آ گئی جس سے زیورات اور دیگر دھاتی مصنوعات کے خریداروں کو کچھ ریلیف ملنے کی توقع ہے۔
دوسری جانب بین الاقوامی گولڈ مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی۔ عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 124 ڈالر 89 سینٹ سستا ہونے کے بعد 4 ہزار 328 ڈالر 92 سینٹ پر آ گیا۔
عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کے رجحانات، امریکی مالیاتی پالیسی، ڈالر کی قدر اور بین الاقوامی اقتصادی حالات سونے کی قیمتوں پر براہ راست اثر انداز ہوتے ہیں۔ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کے اثرات مقامی مارکیٹ میں بھی منتقل ہوئے ہیں، جس کے باعث پاکستان میں سونے کے نرخوں میں نمایاں گراوٹ دیکھنے میں آئی۔