پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں کمی، نوٹیفکیشن جاری

پیٹرول  اور ڈیزل کی قیمت میں کمی، نوٹیفکیشن جاری

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کردی، پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے 64 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 88 پیسے فی لیٹر کمی کردی گئی۔

قیمتوں میں کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 389 روپے 14 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 424 روپے 4 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی مسلسل اضافوں کے بعد سامنے آئی ہے۔ گزشتہ روز ہی حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 88 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 62 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 391 روپے 22 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 421 روپے 45 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: مہنگائی یا شرح سود،سٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی  کمیٹی  کا  اجلاس آج ہو گا

رواں ماہ کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مجموعی طور پر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ستمبر کے ابتدائی 16 دنوں میں پیٹرول کی قیمت میں ساڑھے 12 فیصد جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 14 فیصد اضافہ ہوا، جس کے باعث صارفین کو ایندھن کے اخراجات میں اضافی بوجھ کا سامنا کرنا پڑا۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال سے منسلک ہے۔ خطے میں کشیدگی کے باعث عالمی تیل مارکیٹ میں قیمتوں میں تیزی سے تبدیلیاں ہوئیں، جن کے اثرات پاکستان میں بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں پر مرتب ہوئے۔

مسلسل مہنگے ایندھن کے اثرات کم کرنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے صارفین کے لیے فی لیٹر 100 روپے ریلیف کا اعلان بھی کیا تھا۔

تاہم پیٹرولیم ڈیلرز کے ساتھ معاملات طے نہ ہونے کے باعث چھوٹی گاڑیوں کے لیے ریلیف اسکیم پر عمل درآمد کا معاملہ تاحال تعطل کا شکار ہے۔

Related Articles