کوہاٹ پولیس لائنز مسجد دھماکا : 15 پولیس اہلکاروں سمیت 21 افراد شہید، 103 زخمی، ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی

کوہاٹ پولیس لائنز مسجد دھماکا : 15 پولیس اہلکاروں سمیت 21 افراد شہید، 103 زخمی، ابتدائی رپورٹ  سامنے آگئی

کوہاٹ میں پولیس لائنز، ہنگو روڈ پر جمعہ کی نماز کے دوران مسجد میں دھماکے کے بعد دہشت گرد حملے سے متعلق ابتدائی انکوائری رپورٹ سیکریٹری صحت خیبر پختونخوا کو ارسال کردی گئی ہے، جس کے مطابق واقعے میں 21 افراد شہید جبکہ 103 زخمی ہوئے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کی جانب سے سیکریٹری صحت، حکومت خیبر پختونخوا، پشاور کو ارسال کردہ ابتدائی واقعہ رپورٹ کے مطابق پولیس لائنز ہنگو روڈ، کوہاٹ میں واقع مسجد میں تقریباً 01:20 بجے جمعہ کی نماز کے دوران دھماکا ہوا، جس کے بعد تقریباً 05 سے 07 دہشت گردوں کی جانب سے  دہشت گرد حملہ کیا گیا۔

21 افراد شہید

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ واقعے میں مجموعی طور پر 21 افراد شہید ہوئے، جن میں 15 پولیس اہلکار اور 06 شہری شامل ہیں۔

شہید ہونے والے شہریوں میں ڈاکٹر اسرائیل خان اورکزئی بھی شامل ہیں، جو لیاقت میموریل ہسپتال کوہاٹ میں چیف ڈسٹرکٹ اسپیشلسٹ (پیڈیاٹرکس) کے فرائض انجام دے رہے تھے۔

103 زخمی اسپتال منتقل

ابتدائی رپورٹ کے مطابق واقعے کے بعد مجموعی طور پر 103 زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتالوں میں لایا گیا۔ ان میں لیاقت میموریل ہسپتال میں 13 جبکہ ڈی ایچ کیو ہسپتال کوہاٹ میں 90 زخمیوں کو لایا گیا۔

رپورٹ کے مطابق زخمیوں میں 73 پولیس اہلکار اور 30 شہری شامل ہیں۔

34 زخمی اسپتال میں زیر علاج

ابتدائی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ مجموعی طور پر 34 زخمیوں کو اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔

پانچ زخمی مریضوں کے پیٹ کا آپریشن (Laparotomy) کیا گیا، جبکہ ان میں سے 4 مریضوں کو مزید علاج اور طبی نگہداشت کے لیے پشاور کے تیسرے درجے کے طبی مراکز (Tertiary Care Facilities) منتقل کردیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے جبکہ متعلقہ طبی مراکز میں زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

Related Articles