سیکیورٹی فورسز نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت چاغی کے علاقے سیاہ چنگ میں فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ 2 سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا گیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کو چاغی کے علاقے سیاہ چنگ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی، جس پر علاقے میں ناکہ بندی جاری تھی۔
اسی دوران سیکیورٹی فورسز نے ایک مشکوک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم گاڑی کے ڈرائیور نے ناکہ بندی دیکھتے ہی گاڑی بھگا دی۔ ناکے پر موجود کیو آر ایف نے مشکوک گاڑی کا تعاقب شروع کردیا۔
تعاقب کے دوران گاڑی میں موجود دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کردی۔ سیکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ کارروائی کے بعد 2 سہولت کاروں کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔
کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا، جس میں 1 عدد ایم 16 رائفل بمعہ 2 میگزین، 1 عدد 9 ایم ایم پستول، 1 عدد سنائپر رائفل بمعہ اسکوپ، 63 عدد ایل ایم جی راؤنڈز، 1 عدد واکی ٹاکی سیٹ، 3 عدد موبائل فونز اور 2 عدد بینڈولیئرز شامل ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق برآمد ہونے والا اسلحہ اور گولہ بارود بلوچ عوام کی ٹارگٹ کلنگ اور خودکش حملوں میں استعمال ہونا تھا۔
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔ سیکیورٹی فورسز کے مطابق دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔