آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے محکمہ داخلہ نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی، جے اے اے سی، سے منسلک 4 افراد کی گرفتاری میں مدد دینے والی معلومات فراہم کرنے پر ایک کروڑ روپے انعام مقرر کر دیا۔
محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صدر آزاد جموں و کشمیر نے پولیس رولز 1934 کے باب 15 کے پیرا 15.18 کے تحت ان افراد کی گرفتاری میں معاون معلومات دینے والے شخص کے لیے 10 ملین روپے انعام کی منظوری دی ہے۔
نوٹیفکیشن میں جن افراد کے نام شامل کیے گئے ہیں ان میں شوکت نواز میر ولد حبیب اللہ میر، رہائشی بینک روڈ مظفرآباد، عمر نذیر کشمیری ولد محمد نذیر خان، رہائشی پوتھی مکوالاں ضلع پونچھ، خواجہ مہران ارشد ولد خواجہ ارشد، رہائشی ڈڈیال ضلع میرپور، اور سردار امان خان ولد محمد ادریس، رہائشی گوراہ پلندری ضلع سدھنوتی شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مذکورہ افراد کا تعلق کالعدم قرار دی گئی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی، جے اے اے سی، سے ہے۔
محکمہ داخلہ نے واضح کیا ہے کہ کامیاب اطلاع دہندہ کی شناخت خفیہ رکھی جائے گی۔
نوٹیفکیشن 9 جون 2026 کو مظفرآباد سے جاری کیا گی۔ نوٹیفکیشن کی نقول سیکرٹری اطلاعات، انسپکٹر جنرل پولیس آزاد جموں و کشمیر، چیف سیکرٹری/سیکرٹری ہوم کے پی ایس او، اسپیشل سیکرٹری ہوم کے پی ایس اور ماسٹر فائل کو ارسال کی گئی ہیں۔