پنجاب حکومت نے کینسر کے مستحق مریضوں کے لیے ایک اہم فلاحی اقدام کا اعلان کرتے ہوئے سالانہ 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق یہ سہولت وزیر اعلیٰ اسپیشل انیشی ایٹو فار کینسر پیشینٹس کے تحت فراہم کی جائے گی، جس کا مقصد مالی مشکلات کا شکار مریضوں کو معیاری طبی سہولیات تک رسائی دینا اور علاج میں حائل رکاوٹوں کو کم کرنا ہے۔
اس پروگرام کے تحت مستحق مریضوں کو پینل میں شامل ہسپتال میں علاج کی سہولت دی جائے گی، جہاں تشخیص سے لے کر مکمل علاج تک ہر مرحلے پر معاونت فراہم کی جائے گی۔
حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی مفت طبی سہولیات میں کینسر کی تشخیص، کیموتھراپی، ریڈی ایشن تھراپی، سرجری اور ادویات کی فراہمی شامل ہے، ان تمام طبی خدمات کے اخراجات حکومت برداشت کرے گی تاکہ مریضوں کو بروقت اور معیاری علاج میسر آ سکے۔
اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے نادرا میں رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے، جبکہ یہ سہولت صرف پنجاب کے مستقل رہائشیوں کے لیے دستیاب ہوگی۔
صحت کے شعبے سے وابستہ ماہرین نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگے علاج کے باعث مشکلات کا شکار ہزاروں مریضوں کو اس پروگرام سے براہ راست فائدہ پہنچے گا اور کینسر جیسے موذی مرض کے خلاف مؤثر علاج کے امکانات میں اضافہ ہوگا۔