پاکستانی شوبز کی معروف اداکارہ صبا فیصل متعدد مقبول ڈراموں میں اپنی اداکاری کے باعث ناظرین میں خاص پہچان رکھتی ہیں۔ ان کے مشہور ڈراموں میں ’ہم سفر‘، ’پیارے افضل‘، ’عشق تماشا‘، ’بندھے ایک ڈوری سے‘، ’گھسی پٹی محبت‘، ’خائی‘، ’بیبی باجی‘ اور ’چاند تارا‘ شامل ہیں۔
صبا فیصل گزشتہ کچھ عرصے سے اپنے متنازع بیانات کے باعث بھی خبروں میں رہی ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے فریال گوہر اور جمال شاہ کے گھریلو تنازع کے حوالے سے جمال شاہ کے مؤقف کی حمایت کی تھی، جس کے بعد سوشل میڈیا پر انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
اب اس معاملے میں اس وقت ایک نیا موڑ آیا جب اداکارہ اور میزبان حنا سلمان نے ایک حالیہ انٹرویو کے دوران فریال گوہر سے ان اداکاراؤں کے بارے میں سوال کیا جنہوں نے ان کے خلاف بات کی تھی۔ فریال گوہر نے صبا فیصل کا نام سن کر حیران کن جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں جانتی ہی نہیں ہیں۔
فریال گوہر کا کہنا تھا کہ انہیں صبا فیصل کی شکل بھی یاد نہیں اور وہ یہ بھی نہیں جانتیں کہ صبا فیصل کون ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ٹیلی ویژن دیکھتی ہی نہیں ہیں اور انہیں صرف اتنا خیال ہے کہ شاید صبا فیصل نے کہیں کوئی چھوٹا سا کردار ادا کیا ہو۔ فریال گوہر نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ صبا حمید کو ضرور جانتی ہیں۔ ان کے مطابق صبا حمید کے والد ترقی پسند صحافت سے وابستہ تھے، اسی وجہ سے وہ انہیں اچھی طرح جانتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صبا فیصل شاید ایک اچھی انسان ہوں، تاہم وہ انہیں جانتی نہیں ہیں اور نہ ہی ان کے بارے میں کوئی منفی بات کہنا چاہتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا ٹی وی شخصیات سے کوئی خاص تعلق نہیں کیونکہ وہ ٹیلی ویژن دیکھتی ہی نہیں۔
فریال گوہر کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث شروع ہوگئی۔ بعض صارفین نے ان کے جواب کو صبا فیصل کیلئے غیر متوقع جواب قرار دیا، جبکہ کچھ صارفین نے کہا کہ فریال گوہر نے صبا فیصل کو پہچاننے سے انکار کرکے معاملے کو مزید دلچسپ بنا دیا۔
صبا فیصل کی بیٹی سعدیہ نے بھی اس انٹرویو کی ویڈیو پر ہنستے ہوئے ایموجیز کے ساتھ ردعمل دیا، جبکہ صبا فیصل کے بیٹے نے بھی تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ اب لوگ انہیں جان جائیں گے۔
دوسری جانب کچھ سوشل میڈیا صارفین نے صبا فیصل کے دفاع میں کہا کہ وہ انہیں کئی برسوں سے ٹیلی ویژن پر دیکھتے آرہے ہیں، جبکہ فریال گوہر خود ٹی وی پر کم نظر آتی ہیں۔ یوں فریال گوہر کا صرف ایک مختصر سا جواب شوبز حلقوں اور سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث کا سبب بن گیا ہے اور صارفین اب صبا فیصل کے ممکنہ ردعمل کا انتظار کر رہے ہیں۔