پاکستانی نژاد فٹبالر زیڈان اقبال فیفا ورلڈکپ 2026 میں شرکت کیلئے تیار

پاکستانی نژاد فٹبالر زیڈان اقبال فیفا ورلڈکپ 2026 میں شرکت کیلئے تیار

فٹبال کی دنیا میں پاکستان کا نام بہت مشکل سے سنائی دیتا ہے، لیکن فیفا ورلڈ کپ 2026 میں ایک ایسا کھلاڑی میدان میں اترنے جا رہا ہے جس کی نسبت پاکستان سے ہے۔

دنیا کے سب سے بڑے فٹبال ایونٹ میں ایک ایسا نام سامنے آ رہا ہے جو صرف ایک کھلاڑی نہیں بلکہ ایک نئی تاریخ رقم کرنیوالا ہے ، عراق کی قومی فٹبال ٹیم کے مڈفیلڈر زیڈان اقبال فیفا ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کے ساتھ ایک منفرد سنگ میل عبور کرنے جا رہے ہیں۔

زیدان عامر اقبال 27 اپریل 2003 کو انگلینڈ کے شہر مانچسٹر میں پیدا ہوئے،  ان کے والد کا تعلق پاکستان سے جبکہ والدہ عراق سے ہیں، جس کی وجہ سے وہ پاکستان، عراق اور انگلینڈ تینوں ممالک کی نمائندگی کے اہل تھے۔

وہ فیفا ورلڈکپ میں کھیلنے والے پہلے پاکستانی نژاد فٹبالر ہوں گے جس پر دنیا بھر میں موجود پاکستانی کمیونٹی خوشی اور فخر کا اظہار کر رہی ہے۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by @zidaneiqbal

انہوں نے فٹبال کا آغاز مقامی کلب سے کیا اور اپنی صلاحیتوں سے سب کو متاثر کیا۔ بعد ازاں وہ مشہور اکیڈمی مانچسٹر یونائیٹڈ کا حصہ بنے، جہاں ان کے کھیل میں مزید نکھار آیا، یہی وہ مرحلہ تھا جہاں ان کا پروفیشنل فٹبال کی طرف سفر مزید مضبوط ہوا۔

یہ بھی پڑھیں :فیفا ورلڈکپ ٹرافی کی اصل مالیت کیا ہے؟ حیران کن اعداد و شمار سامنے آگئے

2021 میں زیڈان اقبال نے ایک اور تاریخ رقم کی اور وہ مانچسٹر یونائیٹڈ کی پہلی ٹیم کے لیے میدان میں اترنے والے پہلے برطانوی جنوبی ایشیائی کھلاڑی بنے ، یہ کارنامہ نہ صرف ان کے کیریئر کا اہم موڑ تھا بلکہ جنوبی ایشیائی نوجوانوں کے لیے بھی ایک بڑا حوصلہ بنا۔

حال ہی میں ایک انٹرویو میں زیڈان اقبال نے کہا کہ جب انہیں معلوم ہوا کہ وہ ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والے پہلے پاکستانی نژاد فٹبالر ہوں گے تو وہ خود بھی حیران رہ گئے۔

ان کے مطابق بچپن میں ان کا خواب صرف فٹبال کھیلنا اور اس سے لطف اندوز ہونا تھا، نہ کہ تاریخ رقم کرنا، زیڈان اقبال نے یہ بھی بتایا کہ ان کے والد ان پر فخر کرتے ہیں اور عراق کی نمائندگی کے فیصلے کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر وہ پاکستان کی نمائندگی کرتے تو ان کے والد شاید اور زیادہ خوش ہوتے، یہ بیان ان کی کہانی میں ایک جذباتی پہلو بھی شامل کرتا ہے، جو شائقین کے دلوں کو چھو لیتا ہے۔

فیفا ورلڈ کپ 2026 میں زیڈان اقبال کی شرکت نہ صرف عراق کے لیے اہم ہے بلکہ پاکستانی نژاد فٹبال شائقین کے لیے بھی ایک یادگار لمحہ ہے کیونکہ  ورلڈ کپ 2026 میں عراقی ٹیم تقریباً چالیس برس بعد ورلڈ کپ میں واپسی کر رہی ہے، اس سے قبل وہ آخری مرتبہ 1986 کے ورلڈ کپ میں شریک ہوئی تھی۔

زیڈان اقبال کی کہانی صرف ایک کھلاڑی کی نہیں بلکہ ایک نسل کے خوابوں کی کہانی ہے،  فیفا ورلڈ کپ 2026 میں ان کی موجودگی انہیں تاریخ کے صفحات میں ہمیشہ کے لیے محفوظ کر دے گی۔

editor

Related Articles