پنجاب میں ماس ٹرانزٹ سسٹم کے تحت چلنے والی تمام پبلک ٹرانسپورٹ پر مفت سفر کی سہولت ختم کر دی گئی ہے جس کے بعد شہریوں کو اورنج لائن ٹرین، میٹرو بس اور اسپیڈو بس سروس پر دوبارہ کرایہ ادا کرنا ہوگا۔
ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے انچارج عزیر شاہ کے مطابق لاہور راولپنڈی اور ملتان میں چلنے والے ماس ٹرانزٹ نظام پر عارضی طور پر دی گئی فری ٹرانسپورٹ سہولت ختم کر دی گئی ہے اور تمام روٹس پر کرایہ دوبارہ نافذ کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ سہولت ماضی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد عوامی ریلیف کے طور پر دی گئی تھی تاکہ شہریوں پر معاشی دباؤ کو کم کیا جا سکے اب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہورہی ہیں اس لیے اب اس پالیسی میں تبدیلی کرتے ہوئے فری سروس ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:اگلے مہینے سے حکومت مستحقین کو کتنی مالی امداد دے گی،بڑی خبر آ گئی
عزیر شاہ کے مطابق ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے تمام سسٹمز معمول کے مطابق آپریشنل ہیں اور شہریوں کو اب مقررہ کرایہ ادا کر کے سفر کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ اپریل میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اسلام آباد اور پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ کو عارضی طور پر مفت کر دیا گیا تھا جس سے روزانہ ہزاروں شہریوں کو ریلیف ملا تھا۔ تاہم اب اس سہولت کے خاتمے کے بعد ایک بار پھر عوام کو ٹرانسپورٹ اخراجات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
مفت سفری سہولت کے خاتمے سے ماس ٹرانزٹ نظام کی مالی پائیداری بہتر بنانے میں مدد ملے گی تاہم اس کا براہِ راست اثر روزانہ سفر کرنے والے متوسط اور کم آمدنی والے طبقے پر پڑ سکتا ہے۔


