پاکستان میں تیار کی گئی فیفا ورلڈ کپ 2026 کی جدید فٹبال نے میدانوں کے بعد خلا میں بھی اپنی جگہ بنا لی ہے۔ ناسا کے خلابازوں نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) میں پاکستانی ساختہ فٹبال کے ساتھ مائیکرو گریویٹی میں ایک منفرد سائنسی تجربہ کیا۔
یہ تجربہ خلائی اسٹیشن کے کپولا ماڈیول میں کیا گیا، جہاں فٹبال کو بغیر وزن والے ماحول میں حرکت کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس تحقیق کا مقصد یہ جاننا تھا کہ خلا میں وزن، توازن اور حرکت کے اصول فٹبال کی کارکردگی کو کس طرح متاثر کرتے ہیں۔
ناسا کے مطابق ایسے تجربات کھیلوں کے سامان کے ڈیزائن اور معیار کو بہتر بنانے میں مدد دیتے ہیں، تاکہ مختلف ماحول میں ان کی کارکردگی کو بہتر طور پر سمجھا جا سکے۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 میں استعمال ہونے والی ایڈیڈاس کی ’’ٹریونڈا‘‘فٹبال پاکستان میں تیار کی گئی ہے، جو ملک کی اسپورٹس مینوفیکچرنگ انڈسٹری کے لیے ایک اہم اعزاز قرار دی جا رہی ہے۔ پاکستانی ساختہ فٹبال کا خلا تک پہنچنا ملک کی کھیلوں کی صنعت کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی پہچان کی عکاسی کرتا ہے۔