روس میں ایک 18 سالہ طالب علم کو پیزا آرڈر کرتے وقت ایڈولف ہٹلر کا نام استعمال کرنے اور آن لائن ممنوعہ علامتیں شیئر کرنے کے الزام میں 5 دن قید کی سزا سنا دی گئی۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق طالب علم نے ایک شاپنگ سینٹر کے ریسٹورنٹ سے پیزا منگواتے ہوئے آرڈر پر نام ایڈولف ہٹلر درج کیا، جس کے بعد حکام نے اسے نازی علامتوں کی تشہیر کے قانون کے تحت حراست میں لے لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نوجوان کو کالج کے احاطے سے گرفتار کیا گیا، جہاں اس نے گرفتاری کے دوران کسی قسم کی مزاحمت نہیں کی اور اپنے عمل پر معذرت بھی کی۔
تحقیقات کے دوران حکام کو معلوم ہوا کہ طالب علم نے اپنی ڈیسک پر کچھ ممنوعہ علامتیں بنائی تھیں اور ان کی تصاویر ایک آن لائن چیٹ گروپ میں بھی شیئر کی تھیں۔
روسی حکام کے مطابق اس معاملے کی اطلاع ایک مقامی سیاسی شخصیت نے پولیس کو دی تھی، جس کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی۔پولیس کے مطابق طالب علم نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اقدامات کی سنگینی کو مکمل طور پر نہیں سمجھ سکا تھا اور مستقبل میں ایسا عمل دوبارہ نہیں کرے گا۔