عالمی اور مقامی گولڈ مارکیٹوں میں مسلسل تین روز تک کمی کے بعد سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے باعث سرمایہ کاروں اور خریداروں کی توجہ دوبارہ قیمتی دھاتوں کی جانب مبذول ہوگئی ہے۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 4 ہزار 643 روپے کا بڑا اضافہ ہوا جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 42 ہزار 636 روپے کی سطح پر پہنچ گیا۔
اسی طرح 10 گرام 24 قیراط سونے کی قیمت 4 ہزار 179 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 78 ہزار 345 روپے ہوگئی ہے۔
صرف سونا ہی نہیں بلکہ چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ صرافہ مارکیٹ کے مطابق فی تولہ چاندی 189 روپے مہنگی ہو کر 7 ہزار 151 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔
عالمی سطح پر سونے کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی مرتب ہوئے ہیں۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونا 46 ڈالر 43 سینٹ اضافے کے بعد 4 ہزار 202 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ ہوتا رہا۔
عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال سرمایہ کاروں کی جانب سے محفوظ سرمایہ کاری کی تلاش اور مختلف خطوں میں جاری جغرافیائی کشیدگی کے باعث سونے کی طلب میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جس کے نتیجے میں قیمتیں دوبارہ اوپر جانے لگی ہیں۔
اگر عالمی سطح پر معاشی اور سیاسی غیر یقینی صورتحال برقرار رہی تو آنے والے دنوں میں سونے کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔
دوسری جانب سونے کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد زیورات کی خریداری متاثر ہونے کا خدشہ بھی پیدا ہوگیا ہے جبکہ سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری تصور کرتے ہوئے اس میں دلچسپی بڑھا رہے ہیں۔