>وفاقی حکومت نے نئے مالی سال کے آغاز سے قبل پیٹرولیم مصنوعات پر عائد پیٹرولیم لیوی میں اضافہ کر دیا ہے جس کے تحت ہائی اسپیڈ ڈیزل پر لیوی میں نمایاں اضافہ جبکہ پیٹرول پر معمولی اضافہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی میں 6 روپے 57 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد ڈیزل پر لیوی بڑھ کر 79 روپے 54 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
اسی طرح پیٹرول پر پیٹرولیم لیوی میں 39 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا جس کے بعد پیٹرول پر لیوی کی نئی شرح 66 روپے 64 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے مٹی کے تیل پر پیٹرولیم لیوی میں کوئی تبدیلی نہیں کی اور اس کی شرح بدستور 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے۔
حکومتی فیصلے کے مطابق لیوی میں اضافے کا مقصد سرکاری محصولات میں اضافہ اور مالی اہداف کا حصول ہے۔ دوسری جانب عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پیٹرولیم لیوی بڑھائے جانے کے فیصلے پر عوامی حلقوں کی جانب سے مایوسی کا اظہار کیا جا رہا ہے کیونکہ صارفین کو قیمتوں میں ممکنہ ریلیف کی توقع تھی۔
ماہرین کے مطابق پیٹرولیم لیوی میں اضافے سے حکومت کو اضافی ریونیو حاصل ہوگا تاہم اس اقدام سے عوام کو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا براہِ راست فائدہ نہیں مل سکے گا۔