بالی ووڈ اور ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ پریانکا چوپڑا نے کہا ہے کہ جب انہوں نے فلمی دنیا میں قدم رکھا تو ان کے لیے یہ سفر ہرگز آسان نہیں تھا، کیونکہ ان کا تعلق فلمی خاندان سے نہیں تھا۔
کانز لائنز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پریانکا چوپڑا نے بتایا کہ ان کے والدین دونوں ڈاکٹر تھے، اس لیے خاندان میں کسی کو بھی فلم انڈسٹری کے طریقہ کار یا اس میں آگے بڑھنے کے راستوں کا علم نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس دور میں فلمی دنیا میں آنے والے ہر نئے شخص کو خود ہی یہ سیکھنا پڑتا تھا کہ اسے کس شعبے میں کام کرنا ہے اور کس طرح اپنی جگہ بنانی ہے۔
پریانکا چوپڑا نے مزید کہا کہ اس وقت بھارتی سینما کو عالمی سطح پر وہ مقام حاصل نہیں تھا جو آج ہے۔ انہیں اکثر کہا جاتا تھا کہ بھارتی فلمیں کبھی بھی ہالی ووڈ جیسی عالمی شہرت حاصل نہیں کر سکتیں، کیونکہ وہ انگریزی زبان میں نہیں بنتیں۔
اداکارہ کے مطابق لوگوں کا خیال تھا کہ ہندی، تیلگو، مراٹھی اور دیگر علاقائی زبانوں میں بننے والی بھارتی فلمیں دنیا بھر کے ناظرین تک نہیں پہنچ سکتیں، لیکن وقت نے یہ تصور غلط ثابت کر دیا۔