پشاور: خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے دھمکی آمیز لہجے میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں گورنر راج نافذ کرنے کی کوشش کی گئی تو گورنر ہاؤس کا گھیراؤ کیا جائے گا، ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت دہشتگردی سمیت تمام اہم معاملات پر وفاق کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہے، تاہم اپنے سیاسی مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔
شفیع جان نے کہا کہ تحریک انصاف 4 اکتوبر کو ہونے والے احتجاج کی تاریخ پر قائم ہے، 27 ستمبر اور 4 اکتوبر کے درمیان صرف ایک ہفتے کا فرق ہے اور اسے ٹیسٹ میچ سمجھا جائے، احتجاج کی تیاری مکمل ہے،صوبائی وزیر اطلاعات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی احتجاجی قافلے کی قیادت کریں گے اور قافلہ اسلام آباد تک جائے گا۔
شفیع جان نے کہا کہ تحریک انصاف اسلام آباد پر دھاوا بولنے نہیں بلکہ اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کرنے جارہی ہے،ان کا کہنا تھا کہ وفاق کے لیے اصل مسئلہ لانگ مارچ نہیں بلکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ احتجاج کے مطالبات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ہسپتال منتقل کرنا اور ان سے ملاقات کی اجازت دینا شامل ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دہشتگردی کے معاملے پر بات چیت کے دروازے کھلے ہیں۔ خیبرپختونخوا حکومت دہشتگردی کے خلاف پالیسی اور نیشنل ایکشن پلان سمیت اہم معاملات پر وفاقی حکومت کے ساتھ بیٹھ کر بات کرنے کے لیے تیار ہے،شفیع جان نے کہا کہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے لیے وفاق کو خطوط بھی لکھے گئے، تاہم صوبائی حکومت کو تاحال جواب نہیں ملا۔
شفیع جان نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس اور سی ٹی ڈی کے پاس ہتھیار موجود ہیں، جبکہ اسلحہ خریداری کے لیے صوبائی حکومت نے 7.4 ارب روپے ادا کیے ہیں۔ وفاقی حکومت کے متعلقہ اداروں کو رقم ادا کرنے کے باوجود صوبے کو مطلوبہ آلات فراہم نہیں کیے گئے حالانکہ وفاق کی طرف سے آلات فراہم کیے گئے ہیں جس کی تفصیلات آزاد ڈیجیٹل منظرعام پر بھی لے آیا ہے ۔
شفیع جان نے الزام عائد کیا کہ مسلم لیگ ن چاہتی ہے کہ تحریک انصاف اور ادارے ایک دوسرے کے سامنے آ جائیں،انہوں نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ وفاقی حکومت کوئی سانحہ کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے مریم نواز شریف کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ فیلڈ مارشل نے بھارت کے خلاف بیانیہ بنایا، جبکہ ان کے بقول مریم نواز شریف نے صوبوں کو دہشتگرد بنا دیا۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے ایک بار پھر کہا کہ تحریک انصاف کے احتجاج کے مطالبات واضح ہیں ان کے مطابق پہلا مطالبہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ہسپتال منتقل کرنا جبکہ دوسرا ان سے ملاقات کی اجازت دینا ہے۔
شفیع جان نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اس سے قبل بھی وفاقی حکومت کو مذاکرات کی پیشکش کرچکے ہیں ۔شفیع جان کی اس دھمکی آمیز پریس کانفرنس سے واضح ہوتا ہے کہ پی ٹی آئی دہشتگردوں کی سہولت کررہی ہے یا ایک اور 9 مئی کرنے کی تیاری کررہی ہے۔