سعودی عرب نے ایبولا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشات کے پیش نظر 3 افریقی ممالک کے لیے نئی سفری پابندیوں کا اعلان کردیا ہے۔
سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق حکام نے اعلان کیا ہے کہ مملکت کے شہریوں کے جمہوریہ کانگو، یوگنڈا اور جنوبی سوڈان کے سفر پر عارضی پابندی لگا دی گئی ہے۔
اس کے ساتھ ہی ان ممالک سے آنے والے افراد کے لیے تمام قسم کے ویزوں کا اجرا اور مملکت میں داخلہ بھی معطل کر دیا گیا ہے۔
یہ پابندیاں ان مسافروں پر بھی لاگو ہوں گی جو کسی تیسرے ملک کے ذریعے سعودی عرب پہنچیں، بشرطیکہ انہوں نے گزشتہ 21 دنوں کے دوران ان تین متاثرہ ممالک میں قیام کیا ہو۔
سعودی پبلک ہیلتھ اتھارٹی ’وقایہ‘ کے مطابق مملکت کا صحت سے متعلق نگرانی اور ردعمل کا نظام مسلسل فعال ہے اور قومی و بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مل کر صورتحال کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ شہریوں، مقیم غیر ملکیوں اور زائرین کی صحت کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
اتھارٹی نے واضح کیا کہ یہ اقدامات معمول کی احتیاطی حکمت عملی کا حصہ ہیں جن کا مقصد بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔
اس سے قبل بھی سعودی عرب نے وبا سے متاثرہ علاقوں کے قریبی ممالک، جن میں روانڈا، برونڈی، تنزانیہ اور جمہوریہ کانگو (برازاویل) کے مسافروں کے لیے اضافی احتیاطی اقدامات نافذ کیے تھے۔
’وقایہ‘ کے مطابق مملکت میں مجموعی صحت عامہ کی صورتحال مستحکم ہے اور 2019 کے بعد سے اب تک ایبولا وائرس کا کوئی مصدقہ یا مشتبہ کیس رپورٹ نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ ایبولا وائرس پہلی بار 1967 میں جمہوریہ کانگو میں دریافت ہوا تھا ، عالمی ادارہ صحت کے مطابق اس وائرس سے ہونے والی اموات کی شرح تقریباً 50 فیصد ہے، جبکہ اب تک اس وبا کے باعث تقریباً 15 ہزار افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔