بچوں کے ساتھ سفر کرنیوالے والدین کو بڑی سہولت، معروف ایئرلائن کا اہم فیصلہ

بچوں کے ساتھ سفر کرنیوالے والدین کو  بڑی سہولت، معروف ایئرلائن کا اہم فیصلہ

یورپ کی سب سے بڑی کم لاگت ایئرلائن رائن ایئر (Ryanair) نے اپنے سفری قواعد میں اہم تبدیلی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب والدین اپنے کم عمر بچوں کے ساتھ بغیر کسی اضافی فیس کے ایک ساتھ بیٹھ سکیں گے۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق نئی پالیسی کا اطلاق جمعرات سے ہوگا۔ اس سے قبل 2 سے 11 سال کی عمر کے بچوں کے ساتھ سفر کرنے والے والدین کو “فیملی سیٹ” کے نام پر اضافی رقم ادا کرنا پڑتی تھی تاکہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ نشستیں یقینی بنا سکیں۔

یہ تبدیلی برطانیہ کے کمپیٹیشن اینڈ مارکیٹس اتھارٹی (CMA) کی جانب سے شروع کی گئی تحقیقات کے بعد سامنے آئی ہے۔ ریگولیٹر نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ والدین سے بچوں کے ساتھ بیٹھنے کے لیے اضافی فیس وصول کرنا صارفین کے حقوق کے منافی ہو سکتا ہے۔

نئی پالیسی کے تحت وہ مسافر جو اضافی رقم ادا نہیں کریں گے، انہیں چیک اِن کے بعد خودکار طور پر والدین اور بچوں کے ساتھ نشستیں فراہم کی جائیں گی تاہم ایسے مسافروں کو ممکن ہے کہ طیارے کے پچھلے حصے میں نشستیں دی جائیں۔

یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب کا اہم فیصلہ، 3 ممالک پر سفری پابندیاں عائد

اس کے باوجود مسافر پہلے کی طرح اضافی فیس ادا کر کے اپنی پسندیدہ نشستیں بھی پہلے سے بک کرا سکتے ہیں۔

رائن ایئر کے چیف ایگزیکٹو مائیکل اولیری نے اس فیصلے کو “بے دلی سے قبول کیا گیا اقدام” قرار دیا تاہم ان کا کہنا ہے کہ سابقہ پالیسی مکمل طور پر قوانین کے مطابق تھی۔

دوسری جانب برطانوی ریگولیٹر نے کہا ہے کہ نئی پالیسی کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ رائن ایئر کے خلاف جاری تحقیقات بھی بدستور جاری رہیں گی۔

یہ فیصلہ یورپی ایوی ایشن سیکٹر میں مسافروں کے حقوق اور کم لاگت ایئرلائنز کی پالیسیوں پر ایک نئی بحث کو جنم دے رہا ہے۔

editor

Related Articles