بھارتی اداکارہ، ماڈل اور سابق بگ باس کناڈا کی شریکِ مقابلہ کرشی تھاپندا کے بنگلورو میں واقع فلیٹ سے ایک 45 سالہ تاجر کی لاش برآمد ہونے کے بعد پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق متوفی کی شناخت ویشاک کے نام سے ہوئی ہے، جو اداکارہ کے قریبی دوست بتائے جاتے ہیں۔ ان کی لاش 24 جون کی رات بنگلورو کے علاقے راج راجیشوری نگر میں واقع کرشی تھاپندا کے اپارٹمنٹ سے ملی۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ویشاک گزشتہ کچھ عرصے سے ذہنی دباؤ کا سامنا کر رہے تھے اور اکثر کرشی تھاپندا کے فلیٹ آیا جایا کرتے تھے۔ واقعے کے وقت وہ اپارٹمنٹ میں اکیلے موجود تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعے سے کچھ دیر قبل ویشاک نے اداکارہ سے فون پر رابطہ کیا تھا۔ کرشی تھاپندا نے فوری طور پر ان کے اہلِ خانہ کو اطلاع دی، تاہم جب وہ اپارٹمنٹ پہنچے تو ویشاک جاں بحق ہو چکے تھے۔
تحقیقاتی حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے کوئی تحریری نوٹ یا ویڈیو پیغام برآمد نہیں ہوا، جس کے باعث پولیس تمام ممکنہ پہلوؤں سے واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
پولیس نے متوفی کے والد کی شکایت پر غیر فطری موت کا مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ فرانزک شواہد اور دیگر شواہد کی مدد سے واقعے کی اصل وجوہات معلوم کرنے کی کوشش جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی واقعے سے متعلق حتمی مؤقف سامنے آئے گا۔