750 روپے میں 18 سال سے کم عمر بچوں کا شناختنی کارڈ بنوائیں،آسان طریقہ آ گیا

750 روپے میں 18 سال سے کم عمر بچوں کا شناختنی کارڈ بنوائیں،آسان طریقہ آ گیا

نادرا نے 18 سال سے کم عمر بچوں کے لیے جووینائل کارڈ (Juvenile Registration Card) کے اجرا کا باقاعدہ طریقہ کار فیس اور ڈلیوری شیڈول جاری کر دیا ہے۔ ادارے کے مطابق والدین یا قانونی سرپرست چند آسان مراحل مکمل کرکے اپنے بچوں کا جووینائل کارڈ حاصل کر سکتے ہیں۔

نادرا کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق سب سے پہلے بچے کی رجسٹریشن نادرا کے ریکارڈ میں ہونا ضروری ہے۔ رجسٹریشن کے بعد درخواست گزار ٹوکن حاصل کرے گا جس کے بعد متعلقہ کاؤنٹر پر بچے کی تصویر اور جہاں قابلِ اطلاق ہو بائیومیٹرک معلومات محفوظ کی جائیں گی جبکہ والد یا قانونی سرپرست کی بائیومیٹرک تصدیق بھی لازمی ہوگی۔

اس کے بعد درخواست گزار کی فراہم کردہ معلومات سسٹم میں درج کی جائیں گی جن کی جانچ پڑتال اپروول آفیسر کرے گا۔ منظوری کے بعد مقررہ فیس آن لائن یا دستیاب ذرائع سے جمع کرائی جائے گی جس کے بعد کارڈ مقررہ مدت کے اندر جاری کر دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:صرف 4,700 روپے ماہانہ قسط پر ہونڈا موٹر سائیکل گھر لے جائیں، خریداروں کے لیے بڑی خوشخبری

فیس اور ڈلیوری کا شیڈول

نادرا کے مطابق جووینائل کارڈ کے لیے تین مختلف سروسز متعارف کرائی گئی ہیں۔

  • نارمل سروس: 750 روپے کارڈ 31 دن میں جاری ہوگا۔

  • ارجنٹ سروس: 1,500 روپے کارڈ 23 دن میں فراہم کیا جائے گا۔

  • ایگزیکٹو سروس: 2,500 روپے کارڈ 9 دن میں جاری کیا جائے گا۔

درخواست کون جمع کرا سکتا ہے؟

نادرا کے مطابق جووینائل کارڈ کی درخواست بچے کی جانب سے اس کے والد والدہ یا قانونی سرپرست جمع کرا سکتے ہیں۔ درخواست کے وقت متعلقہ سرپرست کی موجودگی اور بائیومیٹرک تصدیق ضروری ہوگی۔

والدین یا قانونی سرپرست کو درخواست فارم پر اپنے فنگر پرنٹس موبائل نمبر ای میل ایڈریس اور بچے کے کمپیوٹرائزڈ پیدائشی سرٹیفکیٹ کی تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی تاکہ درخواست کی بروقت تصدیق اور پراسیسنگ مکمل کی جا سکے۔

جووینائل کارڈ کی اہمیت

نادرا کے مطابق جووینائل کارڈ 18 سال سے کم عمر بچوں کی شناخت کے لیے ایک اہم دستاویز ہے جسے تعلیمی اداروں میں داخلے بینکنگ کی بعض سہولیات سفری دستاویزات کی تیاری سرکاری ریکارڈ اور دیگر قانونی و انتظامی امور میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔

نادرا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ جووینائل کارڈ کے حصول سے متعلق مزید معلومات رہنمائی یا شکایات کے لیے ہیلپ لائن 1777 پر رابطہ کریں یا نادرا کے سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔

editor

Related Articles