پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ، ماڈل اور میزبان زارا نور عباس نے انکشاف کیا ہے کہ زندگی کے مشکل ترین دور میں انہیں انڈسٹری سے وابستہ کئی دوستوں کی جانب سے وہ حمایت نہیں ملی جس کی انہیں امید تھی۔
زارا نور عباس نے یہ بات اپنی کزن نریمان انصاری کے شو میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے بتایا کہ اگرچہ انہوں نے شادی کے بعد اداکاری کا آغاز کیا، تاہم زندگی میں پیش آنے والے ذاتی دکھ، ذہنی صحت کے مسائل اور دیگر مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے انہیں اپنے خاندان، خصوصاً گھر کی خواتین سے بھرپور حوصلہ ملا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کے خاندان کی خواتین ہمیشہ مضبوط رہی ہیں اور انہوں نے ہر مشکل گھڑی میں ان کا ساتھ دیا، لیکن شوبز انڈسٹری کی بعض خواتین دوست اور ساتھی اس وقت ان کے ساتھ کھڑی نہ ہو سکیں۔
زارا نور عباس نے کہا کہ اب انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ انہوں نے ایسے لوگوں کو اپنی زندگی سے دور کر دیا ہے جو مشکل وقت میں ان کے کام نہیں آئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے اہل خانہ نے انہیں ہمیشہ خود کو ترجیح دینے، اپنی ذہنی کیفیت کو سمجھنے اور اپنے دکھ کو قبول کرنے کا حوصلہ دیا، جس سے وہ مشکلات سے نکلنے میں کامیاب رہیں۔
زارا نور عباس ماضی میں بھی ذہنی صحت، ذاتی زندگی اور پیش آنے والے نشیب و فراز پر کھل کر بات کرتی رہی ہیں اور وہ اپنے تجربات کے ذریعے دوسروں کی حوصلہ افزائی کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔