وفاقی حکومت نے فیڈرل سروس ٹریبونل کے ممبر جوڈیشل بہلول خٹک کو آئندہ احکامات تک فیڈرل سروس ٹریبونل کا قائم مقام چیئرمین مقرر کر دیا ہے۔ اس حوالے سے وزارتِ قانون و انصاف کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق بہلول خٹک مستقل چیئرمین کی تقرری یا مزید احکامات جاری ہونے تک قائم مقام چیئرمین کے طور پر ٹریبونل کے انتظامی اور عدالتی امور انجام دیں گے۔
بہلول خٹک کو یہ اضافی ذمہ داری فیڈرل سروس ٹریبونل کے چیئرمین جسٹس (ر) روح الامین خان کی تین سالہ مدتِ ملازمت مکمل ہونے کے بعد سونپی گئی ہے۔ جسٹس (ر) روح الامین خان جولائی 2023 میں فیڈرل سروس ٹریبونل کے چیئرمین مقرر ہوئے تھے اور اپنی آئینی مدت پوری کرنے کے بعد عہدے سے سبکدوش ہو گئے ہیں۔
وزارتِ قانون و انصاف کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق قائم مقام چیئرمین کی حیثیت سے بہلول خٹک مستقل چیئرمین کی تقرری تک ٹریبونل کے تمام انتظامی اور عدالتی امور کی نگرانی کریں گے۔