رنگ و نسل پر تبصرہ مہنگا پڑ گیا، امیتابھ بچن کو شدید تنقید کا سامنا

رنگ و نسل پر تبصرہ مہنگا پڑ گیا، امیتابھ بچن کو شدید تنقید کا سامنا

بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوران فرانس کی قومی فٹ بال ٹیم سے متعلق ایک متنازع سوشل میڈیا پوسٹ کے بعد شدید تنقید کی زد میں آگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، فرانس کی پیراگوئے کے خلاف کامیابی کے بعد امیتابھ بچن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک ایسا تبصرہ کیا جسے متعدد صارفین نے نسل اور رنگت سے جوڑ کر غیر مناسب قرار دیا۔

اداکار نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ فرانس کی ٹیم کے 11 کھلاڑیوں میں سے ایک سفید فام جبکہ 10 سیاہ فام ہیں، اور آخر میں “بلیک پاور” کے الفاظ استعمال کیے۔یہ پوسٹ سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی اور دنیا بھر سے فٹ بال شائقین نے امیتابھ بچن کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

یہ بھی پڑھیں :بالی ووڈ اداکار پرکاش راج پھر مودی حکومت پر برس پڑے

صارفین کا کہنا تھا کہ عالمی کھیلوں کے سب سے بڑے مقابلوں میں نسل، رنگت اور شناخت جیسے حساس موضوعات پر اس نوعیت کے تبصرے غیر ضروری ہیں، خصوصاً ایک ایسی شخصیت کی جانب سے جسے لاکھوں لوگ فالو کرتے ہوں۔

شدید ردعمل کے بعد امیتابھ بچن نے اپنے بلاگ پر براہ راست اس تنازع کا ذکر کیے بغیر اپنی غلطی کا اعتراف کیا۔انہوں نے لکھا، ’’ہر دن انسان کو کچھ نہ کچھ نیا سکھاتا ہے، اپنی غلطی تسلیم کرنا کمزوری نہیں بلکہ کردار کی مضبوطی کی علامت ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھیں :دلجیت دوسانجھ کی فلم ستلج پابندی کےباوجود گوردواروں میں دکھائی جانے لگی

اپنی تحریر میں انہوں نے مزید کہا کہ بعض اوقات کسی بحث کو ختم کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہوتا ہے کہ انسان سامنے والے سے کہہ دے، ’’ہو سکتا ہے آپ ہی درست ہوں۔‘‘

اگرچہ امیتابھ بچن نے اپنی وضاحت میں متنازع پوسٹ کا براہ راست حوالہ نہیں دیا، تاہم سوشل میڈیا صارفین نے اسے حالیہ تنازع پر ان کے ردعمل کے طور پر دیکھا ہے۔

editor

Related Articles