پنجاب کے میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلے کیسے ہوں گے؟ نئی پالیسی جاری

پنجاب کے میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلے کیسے ہوں گے؟ نئی  پالیسی جاری

پنجاب کے سرکاری اور نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں تعلیمی سیشن 2026-27 کے لیے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں داخلوں کی پالیسی جاری کر دی گئی ہے، جس کے تحت میرٹ کے تعین میں ایم ڈی کیٹ کو 50 فیصد، ایف ایس سی کو 40 فیصد اور میٹرک کو 10 فیصد وزن دیا جائے گا، جبکہ سرکاری شعبے کے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس پروگراموں کی سالانہ ٹیوشن فیس 50 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

پالیسی کے مطابق یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) لاہور سیشن 2026-27 کے لیے پنجاب کے سرکاری اور نجی میڈیکل و ڈینٹل اداروں میں مرکزی داخلوں کی ذمہ دار ہوگی۔

ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں داخلے کے خواہش مند امیدواروں کے لیے ایم ڈی کیٹ پاس کرنا لازمی ہوگا۔ امیدوار کے پاس ہائر سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ (ایچ ایس ایس سی)، ایف ایس سی یا پاکستان میں تسلیم شدہ مساوی بارہویں جماعت کی قابلیت ہونا بھی ضروری ہے، جس میں کم از کم 60 فیصد نمبر حاصل کیے گئے ہوں۔

غیر ملکی یا دیگر مساوی تعلیمی قابلیت رکھنے والے امیدواروں کے لیے انٹر بورڈ کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی) کا مساوی سرٹیفکیٹ بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ امیدوار کے لیے ضروری ہوگا کہ اس نے بارہویں جماعت کے امتحان میں بائیولوجی اور کیمسٹری لازمی مضامین کے طور پر، جبکہ فزکس یا ریاضی اختیاری مضمون کے طور پر پاس کیا ہو۔

پالیسی میں واضح کیا گیا ہے کہ میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں کے لیے حافظ قرآن ہونے کی بنیاد پر اضافی نمبر نہیں دیے جائیں گے۔ یہ فیصلہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل انڈرگریجویٹ ایجوکیشن (ایڈمیشنز، کریکولم اینڈ کنڈکٹ) پالیسی اینڈ ریگولیشنز 2025 اور 4 اپریل 2023 کو چھ رکنی بینچ کی جانب سے ازخود نوٹس کیس میں دیے گئے فیصلے کی روشنی میں کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کا کسانوں کو بڑا ریلیف، بلاسود قرضوں کے لیے لائیو اسٹاک کارڈ کا نیا مرحلہ شروع

داخلوں کے لیے درخواست دینے والے امیدواروں کو اپنی پسند کے کالجز کی ترجیحی فہرست آن لائن جمع کرانا ہوگی۔ نجی شعبے کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے لیے امیدواروں کی جانب سے منتخب کیے جانے والے اداروں کی تعداد پر کوئی پابندی نہیں ہوگی، تاہم سرکاری شعبے میں امیدواروں کو ترجیحی ترتیب کے مطابق تمام متعلقہ کالجز کا انتخاب کرنا ہوگا۔

امیدوار درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ تک اپنی درخواست میں تبدیلی کر سکیں گے، لیکن آن لائن درخواستوں کی آخری تاریخ گزرنے کے بعد کالجز کی ترجیحات کی تعداد یا ترتیب تبدیل نہیں کی جا سکے گی۔ پالیسی کے مطابق جس کالج کو امیدوار اپنی ترجیحی فہرست میں شامل نہیں کرے گا، اسے داخلے یا اپ گریڈیشن کے لیے زیر غور نہیں لایا جائے گا۔

نجی شعبے کے اداروں میں داخلہ لینے والے امیدواروں کو کالج میں شمولیت کے وقت اپ گریڈیشن کا حق چھوڑنے کا اختیار حاصل ہوگا، تاہم ایک مرتبہ یہ اختیار استعمال کرنے کے بعد وہ اپنے فیصلے میں کسی بھی مرحلے پر تبدیلی یا اسے منسوخ نہیں کر سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ کے میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلوں کیلئے ایم ڈی کیٹ 2026ء کے حتمی نتائج جاری

پالیسی کے تحت داخلوں کا پورا عمل آن لائن پورٹل کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔ امیدواروں کو ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس پروگراموں کے لیے الگ الگ درخواستیں جمع کرانا ہوں گی۔ کسی مخصوص پروگرام کے لیے درخواست نہ دینے والا امیدوار اس پروگرام میں داخلے کا اہل نہیں ہوگا۔

یو ایچ ایس امیدواروں کے میرٹ اور کالجز کی ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے منصفانہ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے کالج وار سلیکشن لسٹیں تیار کرے گی۔ منتخب امیدواروں کے لیے لازم ہوگا کہ میرٹ لسٹ جاری ہونے کے بعد 3 ورکنگ دنوں کے اندر متعلقہ کالج کی مقرر کردہ فیس جمع کرا دیں۔

پالیسی کے مطابق بیرون ملک اور غیر ملکی کوٹے کے تحت داخلوں کے علاوہ سرکاری شعبے کے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس پروگراموں کی سالانہ ٹیوشن فیس 50 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ اوپن میرٹ کی نشستوں پر منتخب ہونے والے اوورسیز پاکستانی امیدوار پاکستانی طلبہ کے مساوی فیس ادا کریں گے۔

پالیسی کا مقصد پنجاب کے سرکاری اور نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلوں کے عمل کو مرکزی، شفاف اور میرٹ و امیدواروں کی ترجیحات کی بنیاد پر مکمل کرنا ہے۔

Related Articles